کراچی: سپر ہائی وے سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
کراچی:
سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ ندی کے قریب سے خاتون کی سر پر گولی لگی ملنے والی لاش کو شناخت کرلیا گیا۔
ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 40 سالہ چنار بی بی کے نام سے کی گئی جو سچل کے علاقے مدینہ کالونی کی رہائشی تھی اور گھر سے یہ بول کر گئی تھی کہ وہ سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں بیٹی کے گھر جا رہی ہے۔
جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئی اور جمعے کی دوپہر اس کی لاش ملی جسے سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی ملا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مقتولہ کے اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سندھ ہائیکورٹ کا حکم: کریڈٹ کارڈ بنانے والی خاتون کی ویڈیو اور تصاویر ہٹائی جائیں
سندھ ہائیکورٹ نے کریڈٹ کارڈ بنانے والی خاتون سے جنسی زیادتی اور اس کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے معاملے میں اہم حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے سوشل میڈیا سے خاتون کی ویڈیو اور تصاویر ہٹانے اور عدالتی حکمنامے کی نقول آئی جی پولیس کو بھیجنے کا حکم دیا۔
اس کیس میں ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ مفرور ملزم زونیب کو گرفتار کرنے کے لیے متعدد چھاپے مارے گئے مگر پولیس ناکام رہی۔
درخواست گزار کے وکیل قمر عباس ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مفرور ملزم نے مزید تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی ہیں، مگر پولیس نے نہ تو ملزم کو گرفتار کیا اور نہ ہی نازیبا ویڈیوز ہٹائیں۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ اس کیس کی تفتیش میں ان کی زیادہ دلچسپی نہیں، جس پر جسٹس نثار بھمبرو نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس سرکاری کام سے کیسے انکار کر سکتی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ مقدمے کے فیصلے تک پولیس کو کلین چٹ نہیں دی جائے گی۔
عدالت نے تفتیش ایڈیشنل آئی جی کے سپرد کرنے اور ذاتی نگرانی میں مکمل تفتیش کروانے کی ہدایت دی۔ ہدایت کی گئی کہ مفرور ملزم اور اس کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے اور تفتیش میں ناکام پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔
عدالت نے سوشل میڈیا سے خاتون کی ویڈیوز اور تصاویر ہٹانے کے بھی احکامات جاری کیے اور حکمنامے کی نقول آئی جی سندھ کو بھی بھیجنے کا حکم دیا۔
درخواست میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان نے خاتون کو ٹیپو سلطان کے علاقے میں بلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔