وزیر خزانہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ عبدالعزيز الجدعان سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارتی تعلقات اور نجی سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی، آئی ایف سی اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب کو قومی ایئر لائن اور ہوائی اڈوں کی نجکاری پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔محمد اورنگزیب نے پاکستان میں انفراسٹرکچر منصوبوں کیلئے سعودی حمایت کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔دونوں وزرائے خزانہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف روایتی دوستی تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک اقتصادی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں مزید وسعت دی جائے گی۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی ملاقات، سکیورٹی و دفاعی تعلقات مزید مضبوط کرنے کا اعادہ
پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ سے بردرانہ تعلقات رہے ہیں۔ مصر اور پاکستان کی دوستی عالمی سطح پر جانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دونوں اپنے سفارتی، معاشی، تجارت، کاروبار، سکیورٹی اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔
اس موقع پر مصری وزیر خارجہ بدر احمد محمد نے پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں اسلام آباد اور پشاور میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں سے تعزیت اور اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف پاکستان کی جنگ میں اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر اور پاکستان دونوں کو معیشت، سکیورٹی اور سیاسی نقشے کے حوالے سے ایک جیسے ہی چیلنجز کا سامنا ہے جس پر ہمیں مِل کر کام کرنا ہوگا۔
مصری وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ استحکام، امن اور ترقی دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات میں ستون کی مانند رکھتے ہیں۔