پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی راہ پر گامزن ہے، خرم شہزاد
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی راہ پر گامزن ہے، جس کا ثبوت ستمبر 2025ء میں ریکارڈ ہونے والا کرنٹ اکائونٹ سرپلس اور آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ ہے۔پیر کو ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ستمبر 2025ء میں پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ 110 ملین ڈالر سرپلس میں رہا جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں 325 ملین ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مالی سال 2025-26 کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں آیا ہے۔ستمبر کے اس سرپلس کے نتیجے میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2025) میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہو کر 594 ملین ڈالر رہ گیا جو گزشتہ سال کی نسبت 18 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔(جاری ہے)
خرم شہزاد نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر معمولی پیش رفت پاکستان کے ڈیجیٹل اکنامی وژن کی کامیابی کا ثبوت ہے، ستمبر 2025ء میں آئی ٹی برآمدات 366 ملین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جس سے مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات 21 فیصد سالانہ بنیادوں پر بڑھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ رجحان پاکستان کی برآمدی بنیاد کو وسعت دینے، زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور اقتصادی استحکام کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔کرنسی کے تبادلے کے حوالے سے پاکستان کا حقیقی موثر زر مبادلہ ریٹ ستمبر 2025ء میں معمولی بہتری کے ساتھ 101.7 پر پہنچ گیا جو بیرونی شعبے میں پائیدار استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ یہ مثبت اشارے حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں، مالی نظم و ضبط اور برآمدی شعبے کی کارکردگی میں بہتری کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔ اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو رواں مالی سال معیشت مزید مضبوط بنیادوں پر استوار ہوگی۔
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے کرنٹ اکائونٹ ملین ڈالر مالی سال نے کہا
پڑھیں:
وزیر خزانہ کی ملکی معیشت مستحکم ہونے کی تصدیق، فچ ریٹنگ پر اظہار تشکر
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
واشنگٹن: وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ B- کے ساتھ مستحکم آؤٹ لک دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ درجہ بندی پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور استحکام کی جانب پیش رفت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں فچ حکام سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی جاری معاشی اصلاحات، مالی نظم اور پالیسی استحکام پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے کر چکی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ تینوں بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی درجہ بندی میں ہم آہنگی ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کی مالی سمت درست ہے۔ انہوں نے فچ ٹیم کو یقین دلایا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو تیز کرنے، مالی نظم و ضبط قائم رکھنے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے ملاقات میں ٹیکس اصلاحات، توانائی سیکٹر میں بہتری اور سرکاری اداروں کی تنظیم نو پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے معیشت میں پائیدار بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور ٹیرف مذاکرات جاری ہیں جن کا مقصد دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا ہے۔
بعد ازاں فچ ٹیم کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معیشت کے استحکام، اصلاحاتی عمل کے تسلسل اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شفاف شراکت داری کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔