قومی سلامتی ترجیح، وفاقی و صوبائی حکومتوں کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے: فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 26th, November 2025 GMT
راولپنڈی: (نیوزڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اولین ترجیح ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں شرکاء کو پاکستان کی علاقائی اور اندرونی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے شرکاء کو خطے کی صورتحال، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات کے حوالے سے بتایا، خطے کی بدلتی صورتحال اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شرکاء کو سمگلنگ، انسداد منشیات اور ملکی سلامتی کیلئے خطرناک جرائم کے خلاف کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا، سرحدی انتظامی امور، غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے اقدامات بارے بتایا گیا، ملکی مفاد کے تحفظ اور امن کیلئے اٹھائے گئےاقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کے شرکاء میں پارلیمنٹیرینز، سول و فوجی افسران، تعلیمی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے، پاک فوج ملکی یکجہتی، سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ادارے پرعزم ہیں، معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کی کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہوا، پاکستان ایک اہم ملک ہے، اپنا مقام ضرور پائے گا، قوم کی اصل طاقت قومی وحدت میں ہے، دشمن کے تمام مذموم عزائم مل کر ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پائیدار امن و ترقی کے لئے ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، خفیہ اور معلومات فراہم کرنے والے ادارے ان تمام چیلنجز کا پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے جواب دے رہے ہیں، مسلح افواج اور ادارے ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان دنیا میں اپنا بہترین مقام حاصل کررہا ہے اور کرتا رہے گا، ہماری قوت قومی اتحاد اور اتفاق سے جڑی ہے، ہم دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو انشاء اللہ ناکام بنا دیں گے۔سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاک فوج ان مقاصد پر کسی بھی صورتحال میں سمجھوتا نہیں کرے گی، پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی، امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
جنرل فیاض کی وزیرا عظم فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں : دفاعی تعاون بڑھائیں گے: پاکستان سعودی عرب
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے جنرل الرویلی کا خیرمقدم کیا اور برادر مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہب، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی سٹرٹیجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔ جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تذویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مملکت کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔ ادھر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں ’دیرینہ اور سٹرٹیجک‘ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا یہ گفتگو چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی کے درمیان جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوئی۔ آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی، جس میں بالخصوص پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور سٹرٹیجک عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں دفاعی تعاون، سکیورٹی اشتراک اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، جو دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی بنیادی ستون ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق معزز مہمان نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ متعدد شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور اس مضبوط شراکت کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔ معززین نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور حرمین الشریفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے پاکستان- سعودیہ سٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے تعاون کو بھی سراہا۔ قبل ازیں، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔