ضمنی انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلی کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے متعدد حلقوں سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
نوٹی فکیشن کے ذریعے قومی اسمبلی کے 5 جب کہ پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں کے نتائج کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام نوٹیفکیشنز سرکاری طور پر گزیٹ آف پاکستان میں شائع کرنے کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے، تاکہ ان کی قانونی حیثیت مکمل طور پر قائم ہو سکے۔
قومی اسمبلی کے حلقوں میں این اے 18 ہری پور سے بابر نواز خان، این اے 104 فیصل آباد سے دانیال احمد، این اے 129 لاہور سے محمد نعمان، این اے 143 ساہیوال سے محمد طفیل اور این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر خان کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 96 کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ اس کی وجہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس ہے جس میں طلال چوہدری کے بھائی بلال چوہدری کا معاملہ زیرِ التوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کیس کا فیصلہ ہونے تک این اے 96 کا نوٹیفکیشن روکا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی کی نشستوں میں پی پی 73 سرگودھا سے میاں سلطان علی رانجھا، پی پی 87 میانوالی سے علی حیدر نور خان نیازی، پی پی 98 فیصل آباد سے اعزاز علی تبسم، پی پی 115 فیصل آباد سے محمد طاہر پرویز، پی پی 116 فیصل آباد سے احمد شہریار، پی پی 203 ساہیوال سے محمد حنیف اور پی پی 269 مظفرگڑھ سے میاں علمدار عباس قریشی کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ان انتخابات کو الیکشن کمیشن نے مجموعی طور پر شفاف قرار دیا ہے اور نتائج کی تصدیق کے بعد امیدواروں کی کامیابی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مراحل کی تکمیل اور باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ان امیدواروں کی اسمبلیوں میں شمولیت کا عمل جلد مکمل ہوگا۔ انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کے حوالے سے کمیشن نے دوبارہ یہ اعادہ کیا کہ جہاں خلاف ورزی ثابت ہوگی وہاں کارروائی لازمی ہوگی اور این اے 96 کا التواء اسی پالیسی کا حصہ ہے۔
کمیشن نے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ انتخابی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ انتخابی عمل کو مزید شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: الیکشن کمیشن فیصل آباد سے اسمبلی کے
پڑھیں:
ضمنی انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ کس حلقے میں رہا؟ اعداد وشمار جاری
اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی7 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے اور مجموعی طور پر ووٹر ٹرن آوٹ 28.58 فیصد رہا۔
دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے-18 ہری پور میں ووٹر ٹرن آؤٹ سب سے زیادہ 42.09 فیصد رہا اور این اے-185 میں 32.61 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔
اسی طرح این اے-96 فیصل آباد میں ووٹر ٹرن آؤٹ 26.46 فیصد، این اے-143 ساہیوال میں 21.43 فیصد، این اے-129 لاہور میں 18.67 فیصد اور این اے-104فیصل آباد میں ووٹر ٹرن آوٹ 13.23 فیصد رہا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی-269 مظفرگڑھ میں سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ50.82 فیصد، پی پی-98 فیصل آباد میں 36.82 فیصد، پی پی-73 سرگودھا میں 34.45 فیصد، پی پی-87 میانوالی میں 27 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی-116 فیصل آباد میں ووٹر ٹرن آؤٹ 22.94 فیصد، پی پی- 203 ساہیوال میں ووٹر ٹرن آؤٹ 22.4 فیصد رہا۔