ہارر تھرلر فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ نے کمائی کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیئے
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
ہالی ووڈ کی ہارر تھرلر فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ نے کمائی کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائنل ڈیسٹینیشن فرنچائز کی اس نئی فلم نے شائقین کے ہوش اڑا دیے ہیں اور اسے خوب پزیرائی مل رہی ہے۔ 16 مئی کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے رواں ہفتے 51 ملین ڈالرز کی کمائی کر کے گزشتہ تمام ریکارڈز توڑ دیئے ہیں۔
اس فرنچائز کی 14 سالوں بعد کوئی فلم سینما گھروں کی زینت بنی ہے جبکہ یہ مجموعی طور پر اس فرنچائز کی چھٹی فلم ہے۔ یہ ہالی ووڈ کے آنجہانی اداکار ٹونی ٹوڈ کی آخری فلم بھی ہے جو گزشتہ برس انتقال کر گئے تھے۔
اس میں خطرناک طریقوں سے موت کا شکار ہونے والے خاندان کو دکھایا گیا ہے اور دکھایا گیا ہے کہ اس خاندان کی ایک لڑکی جو کالج کی طالب علم ہے، اس خونی کھیل کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہے جس سے انٹرویل کے بعد شائقین کا تجسس مزید بڑھ جاتا ہے۔
اسٹیفنی کو اپنی دادی سے پتا چلتا ہے کہ اس نے خود ایک پیشگوئی کی تھی جس نے کئی سال پہلے کئی زندگیاں بچائی تھیں اور اب خاندان کے مزید لوگوں کو کیسے بچایا جاسکتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاک بھارت کشیدگی: آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی اگلی اقساط کیلئے شرائط مزید سخت کردیں
اسلام آباد:آئی ایم ایف نے پاک بھارت کشیدگی کے سبب معیشت کو درپیش خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے قرض پروگرام کی اگلی اقساط کیلئے شرائط مزید سخت کردی ہیں.
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے پاک بھارتی کشیدگی برقرار رہنے یا اس میں اضافہ ہونے کو معیشت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے مالی سال کے بجٹ اہداف پر پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں آئی ایم ایف مشن نے ٹیکس ریونیو بڑھانے، اخراجات محدود کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف نے ماحولیاتی خطرات کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ پر اور کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو محدود کرنے پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کو درپیش خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے قرض پروگرام کی اگلی اقساط کیلئے شرائط بھی مزید سخت کی ہیں۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی بڑھنے سے کاروبار بھی متاثر ہوسکتا ہے، قرض پروگرام معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ڈیزائن کیا ہے پاکستان پروگرام پر مضبوطی سے کاربند رہنے کیلئے پرعزم ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا، غیریقینی صورتحال کے منفی خطرات میں کچھ کمی ضرور آئی ہے، آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عدم استحکام سے مالی، بیرونی اور اصلاحاتی ایجنڈا متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ امریکی اضافی ٹیرف کے بھی پاکستانی معیشت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔
آئی ایم ایف نے خصوصی اقتصادی زونز کو حاصل ٹیکس مراعات بتدریج ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی بروقت ایڈجسٹمنٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ کلائمیٹ فنڈز دوسرے اقتصادی جائزے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔