موجودہ دور اداکاری نہیں دکھاوے کا ہے، توقیر ناصر کی شوبز انڈسٹری پر تنقید
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
معروف سینئر اداکار توقیر ناصر نے موجودہ شوبز انڈسٹری کے رجحانات پر تنقیدی تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ڈراموں میں خلوص، سچائی اور جذبات کی بجائے ظاہری خوبصورتی اور دکھاوے کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ ماضی کے فنکار اپنے کرداروں سے جذباتی طور پر جُڑے ہوتے تھے اور ان کی اداکاری میں فطری انداز اور سچائی جھلکتی تھی، جبکہ آج کل کی اداکاری میں اصل جذبات کی بجائے میک اپ اور سرجری سے بنائے گئے خدوخال نمایاں ہو رہے ہیں۔
توقیر ناصر نے خاص طور پر اداکاراؤں میں بڑھتے ہوئے پلاسٹک سرجری کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی حسن نے ان کے چہروں کو مصنوعی جیسا بنا دیا ہے۔ جبکہ ماضی کی اداکارائیں سادگی پسند تھیں اور قدرتی طور پر خوبصورت ہوتی تھیں۔
انہوں نے ہدایتکاروں کے کام کرنے کے انداز پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ پہلے ڈائریکٹر سیٹ پر موجود رہتے تھے اور فنکاروں کی رہنمائی کرتے تھے کردار میں ڈھلنے میں اداکاروں کی رہنمائی کرتے تھے جبکہ اب زیادہ تر صرف مانیٹر پر نظر رکھتے ہیں جس سے اداکاری کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: توقیر ناصر
پڑھیں:
حمیرا اصغر کی کہانی کئی فنکاروں کی کہانی ہے: امر خان
کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر علی کی ایک ماہ پرانی لاش ملنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی اداکارہ امر خان نے کہا کہ حمیرا کی کہانی کئی فنکاروں کی کہانی ہے، جو اس گلیمر کی دنیا میں لوگوں کے سامنے مسکراتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر امر خان نے حمیرا اصغر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔
انہوں نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ چونکانے سے زیادہ مایوس کن ہے، یہ معاشرے اور صنعت کی موت ہے۔ اب بھی مجھے ان کا شو یاد ہے کہ وہ کیسے زندگی کی سختیوں سے گزرتے ہوئے اور دباؤ برداشت کرتے ہوئے اپنا کیریئر بنا رہی تھی۔
اداکارہ نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے دباؤ کو اُجاگر کرتے ہوئے لکھا کہ حمیرا کی کہانی کئی فنکاروں کی کہانی ہے جو اس گلیمر کی دنیا میں کیمرے کے سامنے خوش دکھائی دیتے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ یہ دن عارضی دنیاوی اہداف کی خود شناسی کا دن ہے، جہاں مسلسل آپ کو آپ کے لباس، کیریئر اور دولت کی بنیاد پر جج کیا جاتا ہے۔
امر خان نے لکھا کہ وہ تمام لڑکیاں جو اپنے کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں اور سخت محنت کر رہی ہیں، وہ اپنے آپ پر زیادہ دباؤ نہ ڈالیں، اپنا بہتر دیں، اپنے آپ پر زیادہ سختی نہ کریں اور باقی اللّٰہ پر چھوڑ دیں۔ کوئی بھی چیز آپ کی ذہنی صحت اور زندگی سے اہم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ معروف سینئر اداکارہ عائشہ خان کی بھی 2 ہفتہ پُرانی لاش ان کے فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی جس پر انڈسٹری حیران اور دکھ میں مبتلا تھی۔
Post Views: 6