کراچی: دسویں جماعت کی مغوی طالبہ بازیاب، ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
کراچی:
سائٹ اے انویسٹی گیشن پولیس نے دسویں جماعت کی مغوی طالبہ کو بازیاب کرا کے ملزم کو گرفتارکر لیا۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی کے مطابق 17 سالہ میٹرک کی طالبہ پٹھان کالونی میں اسکول جاتے ہوئے لاپتا ہوگئی تھی، لڑکی کے اغواء کا مقدمہ 7 اکتوبر کو تھانہ سائٹ اے میں نامزد ملزم حیات اللہ کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مغویہ جویریہ کو بحفاظت بازیاب کر کے ملزم حیات اللہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو زخمی ڈاکو گرفتار، ایک فرار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے ہوئے جن کے دوران دو زخمی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے شیرپاؤ کالونی مولا مدد قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ڈاکو بلال عرف شینا کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا ایک ساتھی عمران موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے صبا سینما کے قریب ایک اور مقابلے کے دوران 19 سالہ مبینہ ڈاکو میر حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے پستول، موٹرسائیکل اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔