راولپنڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہریوں پر کوڑا ٹیکس نافذ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
راولپنڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہریوں، تاجروں اور دکانداروں پر کوڑا ٹیکس نافذ کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے گھروں، دکانوں، پلازوں اور کوڑھی مالکان کو 500 سے 5 ہزار روپے تک کے بل تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوڑا ٹیکس یکم ستمبر سے لاگو کیا گیا، جبکہ اکتوبر میں وصولی کے لیے بل بھیجنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ چھوٹے گھروں پر 500 روپے ماہانہ اور دکانوں پر 1100 روپے ماہانہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
ٹیکس کے نفاذ پر شہریوں اور دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوڑا ٹیکس کے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انجمن تاجراں کمرشل مارکیٹ کا کہنا ہے کہ “صفائی کا نظام بہتر نہیں، شہر فلتھ ڈپو بنا ہوا ہے، ایسے میں ٹیکس نہیں دیں گے۔”
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے تاجر قائدین نے بھی دکانداروں کے سامنے بے بسی ظاہر کر دی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ جو ٹیکس ادا نہیں کرے گا اس کے خلاف چالان اور بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔ تاجروں نے کوڑا ٹیکس کے بل عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، گلشن اقبال میں 62 لاکھ روپے کی ڈکیتی، پولیس مقابلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گر فتار
کراچی:گلشن اقبال کی نجی کورئیر کمپنی میں 62 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی سنسنی خیز واردات پیش آئی۔
تفصیلات کے مطابق تین مسلح ملزمان کورئیر کمپنی میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لاکھوں روپے لوٹ لیے۔
ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کا شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تعاقب شروع کردیا۔
مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر دیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔