بھارت میں فرانسیسی خاتون سے مبینہ زیادتی، مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
ادے پور: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر ادے پور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں فرانس سے آئی ہوئی ایک 30 سالہ غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، خاتون شہر میں ایک اشتہاری مہم کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون کے ہمراہ ان کی دو سہیلیاں بھی تھیں، جو خود بھی ایونٹ مینجمنٹ فرم سے وابستہ اور سیاحتی دورے پر بھارت آئی ہوئی تھیں، اشتہاری مہم کا بندوبست انہی دونوں خواتین نے کیا تھا۔
ادے پور کے بڈگاؤں علاقے میں اتوار کی شام یہ تینوں خواتین ایونٹ فرم کے دیگر ارکان کے ہمراہ ایک ریسٹورنٹ گئیں، جہاں سب نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔ تاہم، واپسی پر فرم سے وابستہ ایک رکن سدھارتھ عرف پشپا نے متاثرہ خاتون کو شہر کی سیر کا جھانسہ دیا اور اسے اپنے ہوٹل کے کمرے میں لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے اور واقعے کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔ تاحال ملزم مفرور ہے، تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔ ریسٹورنٹ اور ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزم کا سراغ لگایا جا رہا ہے جبکہ موقع پر موجود گواہوں سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسیسی سفارت خانے کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور کیس کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری قانونی و سفارتی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
چین: سنکیانگ میں پل کا کیبل ٹوٹنے سے 5 افراد جاں بحق، 24 زخمی
چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ میں ایک معلق پل کا کیبل ٹوٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق، حادثے کے بعد سیاحتی مقام کو بند کر دیا گیا ہے اور تحقیقاتی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پل ایک طرف جھکا ہوا ہے، اس کے ہینڈ ریلز نیچے لٹک رہے ہیں اور پل کا ایک حصہ دریا کے اوپر سے گزر رہا ہے۔
متاثرہ علاقہ "شیاتا" (Xiata) کہلاتا ہے، جو 65 مربع کلومیٹر پر مشتمل ایک خوبصورت وادی، پہاڑی راستے، دریا اور قدیم آثار کے لیے مشہور ہے۔
چین کی مرکزی حکومت نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور زخمیوں کے علاج کے لیے ایک خصوصی ٹیم متاثرہ مقام پر بھیج دی ہے۔