انٹربورڈ کراچی کی پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں پروقار تقریب، الیکٹرک بائیکس تقسیم
اشاعت کی تاریخ: 24th, September 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے تمام گروپس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں سدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم، اسکاؤٹس ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی، جس میں طلبہ کو شیلڈز، اسناد، اسکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ محمد عباس بلوچ تھے، جبکہ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شہاب قمر انصاری مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کی دعوت پر رکن صوبائی اسمبلی خیرالنساء، چیئرمین ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ لاڑکانہ خالد حسین مہر، ڈی جی کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی، ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر قاضی ارشد حسین صدیقی اور سابق سیکریٹری محمد جعفر عباسی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض ناظم امتحانات زرینہ راشد نے انجام دیے۔ اس موقع پر سیکرٹری انٹربورڈ کراچی محمد کاشف صدیقی بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت سندھ تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمیشہ سنجیدہ کوششیں کرتی رہے گی۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ آج کی تقریب نہ صرف کامیاب طلبہ بلکہ ان کے والدین اور اساتذہ کے لیے بھی اعزاز ہے۔ انہوں نے آرٹس ریگولر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نابینا طالب علم ہنس راج کو ذاتی طور پر 25 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
تقریب میں انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMA) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر اعجاز خان اور دیگر نمائندوں کے ساتھ ساتھ انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اس دوران اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور ICMA کے درمیان چیف منسٹر سندھ اسکالرشپ پروگرام کے تحت پوزیشن ہولڈرز کو اسکالرشپس اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔
مزید برآں، وزیراعظم پاکستان کی نیو انرجی وہیکل پالیسی 2025-2030ء کے تحت انٹرمیڈیٹ 2024ء کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس بھی فراہم کی گئیں۔
تقریب میں شریک طلبہ نے کہا کہ انٹربورڈ کراچی کی جانب سے یہ تقریب اور انعامات ان کے لیے بڑے اعزاز کی حیثیت رکھتے ہیں، اور اس حوصلہ افزائی سے انہیں مستقبل میں مزید محنت کرنے کا جذبہ ملے گا، اسکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس جیسے انعامات ان کے تعلیمی سفر کو مزید آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: الیکٹرک بائیکس انٹربورڈ کراچی پوزیشن ہولڈرز بورڈ کراچی
پڑھیں:
ای چالان سسٹم سے کراچی میں حادثات میں کمی آئی ہے:ڈی آئی جی ٹریفک
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے، جس سے حادثات اور شرحِ اموات دونوں میں کمی آئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ شہر میں حادثات کی شرح میں واضح کمی آئی ہے. پہلے شہر میں ٹریفک حادثات میں ماہانہ اموات کی شرح 90 تھی جو اکتوبر میں کم ہو کر 40 ہوگئی ہے۔پیر محمد شاہ کے مطابق ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر حادثات کی جگہوں کا ’ہیٹ میپ‘ تیار کرتی ہے تاکہ خطرناک مقامات کی نشاندہی اور نگرانی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ سیف سٹی کیمرے ذہانت سے کام کرتے ہیں اور انہی کی مدد سے چوری شدہ گاڑیوں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔ ایسے کئی کیسز کو مزید تفتیش کے لیے کرائم برانچ کو منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 10 ہزار ہیوی گاڑیوں پر ٹریکرز نصب کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ مِنی بسوں پرآج تک کسی نے لگام نہیں ڈالی، مگر اب انہیں بھی چالان جاری کیے جائیں گے۔پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر وَن ویلنگ کرنے والے منچلوں کو روکنا بھی بڑا چیلنج تھا، اب انکی نشاندہی اور کارروائی بھی اِنہی کیمروں کے ذریعے ممکن بنائی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ای چالان سسٹم جدید ٹریفک مینجمنٹ کی سمت ایک بڑا قدم ہے جس سے نہ صرف ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بڑھا بلکہ شہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ کا شعور بھی پیدا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو عوام کےساتھ مثبت سلوک کے حوالے سے بھی تربیت دی جارہی ہے.