بھارت، افغانستان کے ذریعے پاکستان سے بدلے کی کوشش کررہا ہے، وزیرِ دفاع خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت، جو ماضی میں خطے میں اپنی ناکامیوں کا سامنا کرچکا ہے، اب افغانستان کے ذریعے پاکستان سے بدلہ لینے کی کوشش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بھارت کی سہولت کاری جاری ہے اور دہشتگردوں کو دوبارہ منظم ہونے کے مواقع دیے جارہے ہیں۔
افغان حکومت کو قائل کرنے کی کوشش، لیکن ضمانت دینے پر تیار نہیں
نجی ٹیلیویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکومت کو بارہا قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگردوں کے استعمال سے بچائے، تاہم افغان حکومت اس ضمن میں کوئی ٹھوس ضمانت دینے پر تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جے شنکر کی امیر متقی سے ملاقات، بھارت کا کابل میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان
ان کے مطابق کابل حکومت نے کہا کہ اگر انہیں مالی مدد دی جائے تو وہ دہشتگردوں کو دوسری جگہ منتقل کردیں گے، لیکن خدشہ یہ تھا کہ پیسہ لینے کے بعد دہشتگرد دوبارہ اپنی پرانی پناہ گاہوں میں واپس آجائیں گے۔
بھارت کی سہولت کاری اور افغان وزیر خارجہ کے بیانات پر سوالات
خواجہ آصف کے مطابق افغان وزیر خارجہ دہلی میں بیٹھ کر بیانات دے رہے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کابل کی پالیسی پر بھارتی اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے لیڈر کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی، جس سے واضح ہے کہ دہشتگردوں کی سہولت کاری کی جارہی ہے۔ پاکستان نے کابل حکومت سے کہا ہے کہ اپنی سرزمین سے دہشتگردی کو روکیں اور پاکستان کے خلاف کارروائیوں کا حصہ نہ بنیں۔
مذاکرات کے لیے آمادگی، مگر ضمانت کا فقدان
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان مذاکرات کے خلاف نہیں، مگر کسی بھی مذاکراتی عمل کے مؤثر ہونے کے لیے فریقین کی طرف سے ضمانت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان کو بین الاقوامی قبولیت کی تلاش، عالمی سفارتی محاذ پر ہزیمت اٹھاتا بھارت کتنا مددگار ہو سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ماضی میں 2014 میں جب تمام فریقین متفق تھے تو امن ممکن ہوا، مگر اب کوئی بھی فریق اس عمل کی ذمے داری لینے کو تیار نہیں۔
بھارت کی ماضی کی ناکامی اور بدلے کی حکمتِ عملی
خواجہ آصف نے کہا کہ ’بنیانِ مرصوص‘ میں بھارت کا جو حال ہوا، وہ اب افغانستان کے ذریعے اس کا بدلہ چکانے کی کوشش کررہا ہے۔ ان کے مطابق بھارت کی موجودہ حکمتِ عملی کا مقصد پاکستان میں بدامنی پھیلانا اور افغان سرزمین کو اس کے لیے استعمال کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کالعدم تنظیموں کے ساتھ حساب برابر کرے گا، یہ اسکور سیٹل ہوگا اور ضرور ہوگا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
افغانستان بھارت پاکستان دہشتگرد کابل کالعدم تنظیمیں.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: افغانستان بھارت پاکستان دہشتگرد کابل کالعدم تنظیمیں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی کی کوشش کے لیے
پڑھیں:
بھارت کوئی ایڈونچر کرےگا لیکن اس بار جواب پہلے سے زیادہ طاقت سے ملے گا، وزیر دفاع نے واضح کردیا
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے پہلے سے زیادہ طاقت سے جواب ملے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات پہلے بھی درست نہیں تھے اور اب بگڑنے کی سمت جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے لیے کسی قسم کی لچک قابلِ برداشت نہیں، وزیردفاع کا افغانستان کو واضح پیغام
وزیردفاع نے کہا کہ افغانستان سے دہشتگردی کا پاکستان میں برآمد ہونا تشویش ناک ہے اور اس فضا سے تعلقات میں مزید خرابی پیدا ہو سکتی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں، ہمیں اچھے ہمسائے کے طور پر باوقار تعلقات قائم رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ان علاقوں میں جہاں دہشتگرد چھپتے ہیں مقامی لوگوں کو اس کا علم ہوتا ہے اور اگر وہ خاموش رہیں تو یہ نیم رضامندی سمجھی جائے گی، پاکستان کسی محب وطن شہری کو نقصان نہیں ہونے دے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کو جو غلط فہمی یا خوش فہمی تھی وہ دور کر دی گئی ہے اور اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو اسے پہلے سے زیادہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اگر 9 مئی کا پلان کامیاب ہوجاتا تو ہم میں سے آج کوئی بھی زندہ نہیں ہوتا، وزیردفاع خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ دوبارہ کوئی ایڈونچر کر سکتا ہے اور اپنی کھوئی ہوئی عزت بحال کرنے کے لیے خطرہ مول لے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی عسکری قیادت اور وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کے خلاف سخت بیانات سامنے آئے تھے جن میں پاکستان سے دہشتگردی کی حمایت بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان طالبان کا جھکاؤ بھارت کی جانب بڑھتا چلا جارہا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں