پاکستان کی سپر اسٹار جوڑی ماہرہ اور فواد خان کی نئی فلم کا ٹریلر جاری
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی ماہرہ خان اور فواد خان ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ ان کی نئی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔
ہدایتکار اور مصنف عمار رسول کی یہ فلم 28 نومبر 2025 کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔
یوٹیوب پر ریلیز کیے جانے والے اس 1 منٹ 38 سیکنڈ کے ٹریلر میں محبت، قربت، اور جذبات کی گہرائی کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی دو کرداروں کے درمیان محبت کے تعلق اور زندگی کے بدلتے رنگوں کے گرد گھومتی ہے۔
مرکزی کرداروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں، جبکہ فلم میں مدیحہ امام، ثروت گیلانی، عتیقہ اوڈھو، بہروز سبزواری، گوہر رشید، فیصل قریشی، سمیعہ ممتاز، سیمی راحیل، عدیل ہاشمی، حرا ترین اور نوید شہزاد جیسے نامور فنکار شامل ہیں جو مختلف کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
ٹریلر کے ریلیز کے بعد مداحوں کو اس فلم کی ریلیز کا انتظار ہیں۔ مداح ماہرہ اور فواد کی اس نئی آن اسکرین کیمسٹری کے دیکھنے کیلئے بےقرار ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرانے کی کوشش کروں گا: ٹرمپ
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے دورے پر روانہ ہوتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ کا سامنا ہے جسے حل کرنے کی کوشش کروں گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ ختم ہوگئی ہے،غزہ کیلئے’’بورڈ آف پیس‘‘ جلد قائم کیا جائے گا، غزہ میں جنگ بندی برقرار رہے گی، یرغمالیوں کی رہائی مقررہ وقت سے کچھ پہلے ممکن ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو نے بہت اچھا کام کیا، قطر کو بھی کریڈٹ ملنا چاہئے، یوکرین جنگ ختم نہ ہوئی تو یوکرین کوٹوماہاک میزائل بھیج سکتا ہوں، پاکستان اور بھارت کی جنگ ٹیرف کی مدد سے روکی تھی۔
انہوں نے کہا میں نے سنا ہے اب پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ چل رہی ہے، مجھے اسے واپس آکر دیکھنا ہوگا، میں پھر ایک اور کوشش کروں گا کیونکہ میں جنگیں حل کرنے میں ماہرہوں۔
امریکی صدر مشرق وسطیٰ کے دورے میں پہلے اسرائیل جائیں گے، صدر ٹرمپ اسرائیل میں رہا یرغمالیوں اور اہلخانہ سے ملاقاتیں کریں گے، اسرائیلی دورے میں پارلیمنٹ سے خطاب اور صیہونی عسکری اور سیاسی حکام سے میٹنگز طے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ اسرائیل کے بعد شرم الشیخ میں غزہ امن سمٹ میں شرکت کے لئے مصر جائیں گے، غزہ امن سمٹ میں 20 سے زائد ممالک کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے، غزہ امن سمٹ میں حماس اسرائیل کے درمیان سیز فائر معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
خبر ایجنسی نے مزید بتایا کہ سمٹ میں عرب ممالک کا اسرائیل سے سکیورٹی معاہدے کا پلان بھی زیر غور ہوگا۔