وزیراعظم کی قطر کے سرمایہ کاروں کوتعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے ملاقات کی۔قطری وزیر پاکستان اور قطر کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان قطر تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقائد، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے قطر کو پاکستان کا اہم شراکت دار اور بااثر علاقائی ثالث قرار دیا۔
وزیراعظم نے توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو حکومت کے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے قطری قیادت کی نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید گہرے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جے ایم سی کا چھٹا اجلاس باہمی تعاون کے نئے راستے متعین کرنے کے لیے ایک اہم فورم ثابت ہوا ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اشتہار
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔