کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کی پیش رفت سے متعلق اجلاس، متعدد فیصلے ہوئے
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
اجلاس کے دوران کوئٹہ میں رکشہ کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کی منظوری، ٹریفک نظام کو بہتر بنانے، موحول کی بہتری سمیت دیگر مسائل پر گفتگو کی گئی۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کی پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات، پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات خان، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ خان بادینی، سی ای او پی پی پی ڈاکٹر فیصل خان، ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ محمد فیض کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک مینجمنٹ کے لیے متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مرکزی شہر کو "ڈاؤن ٹاؤن" قرار دینے کی منظوری دی، جہاں رکشوں کی جگہ محدود تعداد میں جدید اور ماحول دوست الیکٹرک کاریں متعارف کرائی جائیں گی۔ ان میں خواتین کے لیے خصوصی پنک کاریں (گلابی گاڑیاں) بھی شامل ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں وال چاکنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں اور اشتہاری کمپنیوں کو قانونی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکمران جماعتوں سمیت کوئی بھی سیاسی تنظیم اگر خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلسوں اور سیاسی سرگرمیوں کے بعد تمام پینا فلیکس اور دیگر تشہیری مواد فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔ تعلیم کے شعبے میں پیش رفت کے لیے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ غیر فعال سرکاری اسکولوں کو بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت فعال بنایا جائے۔ شجرکاری کے فروغ کے لیے محکمہ جنگلات کو ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ کیفے بلدیہ کی تنظیم نو کے لیے سمری میں تاخیر پر وزیراعلیٰ نے سیکرٹری بلدیات پر اظہار برہمی کیا اور سست روی پر جواب طلبی کرلی۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاؤٹ ناقابل قبول ہے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف جاری مہم کے تحت گزشتہ ایک ہفتے میں 1500 سے زائد بھکاریوں کو حراست میں لے کر بحالی مراکز منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی شاہراہوں پر گائے اور بیل جیسے مویشی ٹریفک میں خلل اور عوامی مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ اس مسئلے پر کارروائی کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گزشتہ سات دنوں کے دوران سات بیل پکڑ کر فلاحی اداروں کے حوالے کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے عالمو چوک میں ٹریفک کو منظم کرنے اور مٹن مارکیٹ کی واگزار کرائی گئی زمین پر زیر زمین پارکنگ اور بالائی سطح پر پبلک پارک کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح سے متعلق منصوبوں میں سنجیدگی، تیزی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئٹہ کو جدید، صاف اور منظم شہر بنایا جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: اجلاس میں ہدایت کی انہوں نے کے لیے
پڑھیں:
پشاور سٹی ٹریفک پولیس کے تحت ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
پشاور(آئی این پی ) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام آر ایم آئی ہسپتال میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا. جس میں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان، دیگر ٹریفک حکام اور ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے ذریعے ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ٹریفک کی روانی یقینی ہو۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے حادثات کے روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں مفت ہیلمٹ کی تقسیم سمیت انہیں باقاعدہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کو باقاعدہ سی پی آر ٹریننگ بھی دی گئی ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو ممکن اور خدا نخواستہ حادثہ کی صورت میں نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تقریباً تمام یونیورسٹیوں اور کالجز سمیت سکولز میں طلباء و طالبات کو ٹریفک رولز سے متعلق آگاہی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے اس سلسلے میں باقاعدہ مہمات جاری ہیں۔ اسی طرح دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سیکورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلانی چاہئے انہوں نے کہا کہ شہری ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے سے شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکار پرائمری‘ مڈل اور میٹرک تک سکول کے طلبہ کو باقاعدہ روڈ کراسنگ اور اشاروں سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیتے ہیں تاکہ وہ بچپن ہی سے ٹریفک قوانین سے آگاہ ہوں۔