’پہلے 60 کروڑ روپے ادا کریں‘، عدالت نے بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی پر بیرون ملک سفر کی شرط رکھ دی
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
ممبئی ہائی کورٹ نے اداکارہ شلپا شیٹھی کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ شلپا شیٹھی کو پہلے 60 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کے الزامات کے تحت مقرر کی گئی ادائیگی مکمل کرنا ہوگی اس کے بعد ہی ان کے سفر کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔
عدالت نے نوٹ کیا کہ اکنامک آفینسز ونگ (EOW) کی جانب سے شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کنڈرا کے خلاف جاری لوک آؤٹ سرکل (LOC) اب بھی موثر ہے، جس کی وجہ سے انہیں عدالت یا متعلقہ تفتیشی ادارے کی اجازت کے بغیر بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 60 کروڑ کا فراڈ، شلپا شیٹھی سے 4 گھنٹے تک تحقیقات، اداکارہ نے کن کن کے نام لیے؟
شلپا شیٹھی کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اداکارہ کو 25 سے 29 اکتوبر تک کولمبو میں ایک یوٹیوب ایونٹ میں شرکت کرنی ہے۔ عدالت نے دعوت نامہ طلب کیا تو وکیل نے بتایا کہ ابھی رسمی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا اور یہ سفر کی اجازت ملنے کے بعد دیا جائے گا۔
تاہم عدالت نے درخواست نامنظور کرتے ہوئے کہا کہ فراڈ کے الزامات کے تحت واجب الادا 60 کروڑ روپے کی ادائیگی پہلے کی جائے، اس کے بعد سفر کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کیس کی اگلی سماعت 14 اکتوبر کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ کے وہ بڑے نام جنہوں نے مشہور ہونے کے لیے اپنے اصل نام تبدیل کردیے
گزشتہ ہفتے بھی ممبئی ہائی کورٹ نے شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو تھائی لینڈ کے فوکٹ میں خاندانی تعطیلات کے لیے سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے ممبئی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ کی جانب سے جاری لوک آؤٹ سرکل کو معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
شلپا شیٹھی اور راج کندرا پر کاروباری شخص دیپک کوٹھاری نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ان کی کمپنی میں 60 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی، جو اب بند ہو چکی ہے، مگر اس رقم کو ذاتی اخراجات کے لیے استعمال کیا گیا۔ راج کنڈرا اس کیس میں اکنامک آفینسز ونگ کے سامنے تفتیش کے لیے پیش ہو چکے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
60 کروڑ کا فراڈ بالی ووڈ شلپا شیٹھی شلپا شیٹھی فراڈ کیس.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: 60 کروڑ کا فراڈ بالی ووڈ سفر کی اجازت کروڑ روپے عدالت نے کے لیے
پڑھیں:
اداکارہ کو اسٹیج پر نامناسب انداز سے چھونے والے بھارتی اداکار پر اہلیہ کے سنگین الزامات
بھارتی اداکار و سیاستدان پون سنگھ کے خلاف ان کی اہلیہ جیوتی سنگھ نے انتہائی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی دوسری لڑکی کے ساتھ ہوٹل جاتے ہیں۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ماہ پون سنگھ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ اپنی ساتھی اداکارہ انجلی راگھو کو نامناسب طریقے سے چھوتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
39 سالہ پون سنگھ کی 2018 میں جیوتی سنگھ سے شادی ہوئی تھی. ان کی اہلیہ کی جانب سے خواتین کے ساتھ ناقابل قبول تعلقات اور ہراسانی کے شدید الزامات لگائے جارہے ہیں۔ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب جیوتی سنگھ پون سنگھ کی لکھنؤ رہائش گاہ پر پہنچیں تو وہاں پولیس ان کے منتظر تھی۔
پولیس کے مطابق پون سنگھ نے اپنی اہلیہ کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد جیوتی سنگھ کو تھانے حاضر ہونے کے لیے کہا گیا۔ تاہم جیوتی سنگھ نے تھانے جانے سے انکار کر دیا اور اس کے بعد وہ انسٹاگرام پر لائیو ہو کر روتی ہوئی نظر آئیں۔
اپنے جذباتی لائیو سیشن کے دوران جیوتی سنگھ نے کہا کہ ’’یہ سماج کی خدمت کرے گا جو اپنی بیوی کو گرفتار کروانے کے لیے پولیس کو بلاتا ہے۔ جب الیکشن ہوتے ہیں تو یہ مجھے بلاتا ہے اور میرا نام استعمال کرتا ہے، جبکہ ہوٹل میں یہ کسی اور لڑکی کے ساتھ جاتا ہے۔‘‘
یہ واقعات پون سنگھ کے کیریئر کے ایک نازک موڑ پر سامنے آئے ہیں، جہاں ان پر نہ صرف ذاتی زندگی بلکہ پیشہ ورانہ سطح پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس اسکینڈل نے زبردست تنقید کو جنم دیا ہے، جہاں صارفین پون سنگھ کے رویے پر سخت ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔