بھارت پراپیگنڈے کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی چھپا نہیں سکتا: پاکستان
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
نیویارک(نیوز ڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ میں کہا ہے کہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت عدم برداشت کا ایک تماشا بن چکی ہے جہاں اسلامو فوبیا اور نفرت کو ادارہ جاتی حیثیت دے دی گئی ہے، بھارت پراپیگنڈے کے باوجود کشمیر میں مظالم چھپا نہیں سکتا۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے بھارتی وفد کے بیان پر جواب دیا ہے کہ بھارت میں ہندوتوا کے نام پر اقلیتیں خوف کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مسلمانوں کو ہجوم کے ہاتھوں قتل کیا جاتا ہے، مساجد کو مسمار کیا جاتا ہے، گرجا گھروں کو آگ لگائی جاتی ہے۔
صائمہ سلیم نے اقوام عالم کو بتایا کہ بھارت میں نسل کشی کے مطالبے اور نفرت انگیز تقاریر کو معمول بنا دیا گیا ہے، تعصب کی آگ نے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو جلا کر راکھ کر دیا ہے، جس سے تنوع اور اختلافِ رائے کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ نہ ہے، نہ کبھی رہا ہے، سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں اس حقیقت کی گواہی دیتی ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے قبضے میں ریاستی دہشت گردی اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہیں، اگر بھارت کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں تو وہ اقوام متحدہ کے نظام، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ علاقے تک رسائی کی اجازت دے، کشمیری عوام کا مطالبہ آزادی ہے۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت کا ریکارڈ جارحیت سے بھرپور ہے، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بار بار خلاف ورزیاں کرتا ہے، اپنے چھوٹے ہمسایوں کے خلاف دھمکی آمیز رویہ اپناتا ہے، یہ سب بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگجویانہ رویے کا مظہر ہے، بھارت خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے جھوٹا پراپیگنڈا پھیلاتا ہے، دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے، اور جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے پاکستان کے مستقل مشن کی رکن نے کہا کہ جب خطہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث سیلابوں اور خشک سالی کا شکار ہے، ایسے میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو مؤخر کرنا نہ صرف بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے، بلکہ انسانی وقار، پاکستانی عوام کے انسانی حقوق، اور اچھے ہمسائیگی کے بنیادی اصولوں کی توہین بھی ہے۔
انہوں نے دنیا کو دو ٹوک بتایا کہ جنوبی ایشیا میں امن ایک خواب ہی رہے گا جب تک بھارت جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ ختم نہیں کرتا اور جارحیت و ریاستی دہشت گردی کی پالیسی کو ترک نہیں کرتا، پاکستان امن، انصاف اور مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے پرعزم کھڑا رہے گا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اقوام متحدہ کشمیری عوام کہ بھارت بھارت کے
پڑھیں:
حریت کانفرنس کا نظربند رہنماﺅں، کارکنوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو جیلوں میں مسلسل نظربند رکھ کر انہیں بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنماوں اور کارکنوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو جیلوں میں مسلسل نظربند رکھ کر انہیں بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کے چیئرمین چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، ایڈووکیٹ شاہد اسلام، فاروق احمد ڈار، مشتاق الاسلام، مولوی بشیر عرفانی، بلال صدیقی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض اور انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز بدستور مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ نظر بند رہنماﺅں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے ان رہنماﺅں کو جھوٹے الزامات میں ”یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ “جیسے کالے قوانین کے تحت قید رکھا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ گرفتاریاں اس بات کی دلیل ہیں کہ بھارت کس بڑے پیمانے پر کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ منتازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں استصواب رائے کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دے رکھا ہے، کشمیری اپنے اس حق کے حصول کیلئے ایک پرامن جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارتی جبر انہیں اس جدوجہد سے ہرگز باز نہیں رکھ سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مزید کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں بنیادی رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ہے جبکہ پاکستان اس دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کی بھرپور وکالت کر رہا ہے اور وہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کر رہا ہے جس پر کشمیری اس کے مشکور ہیں۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔