افغان جار حیت ‘ شہید 12جوانوں کی نماز جنازہ ادا ‘ فیلڈ مارشل کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
راولپنڈی( خبرنگار خصوصی ) افغانستان سے ہونے والے حملے کے دوران مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک افغان سرحد پر شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نمازِ جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، گورنر خیبرخیبر پی کے اور اعلی عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان حکومت کی جانب سے کی گئی بزدلانہ اور بلاجواز جارحیت کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے 23 جوان شہید ہوئے تھے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اوران کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے‘ ان شہدا کی نماز جنازہ پیر کو ادا کی گئی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ان شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے ،پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
شہید انسپکٹر شہزاد نواز کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی
شہید انسپکٹر کو پولیس کے مسلح دستے نے سلامی پیش کی، ان کو آبائی گاؤں اوگند میں سپردِ خاک کر دیا گیا، شہید انسپکٹر تھانہ فیکٹری ایریا میں ایس ایچ او تعینات تھے۔ آئی جی پنجاب نے شہید کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا، پولیس اس غم کی گھڑی میں ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مریدکے میں شہید ہونے والے انسپکٹر شہزاد نواز کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، ڈی سی، ڈی پی او، ارکان اسمبلی، وکلاء، سیاسی و سماجی شخصیات اور اعلیٰ افسران سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہید انسپکٹر کو پولیس کے مسلح دستے نے سلامی پیش کی، شہزاد نواز کو آبائی گاؤں اوگند میں سپردِ خاک کر دیا گیا، شہید انسپکٹر تھانہ فیکٹری ایریا میں ایس ایچ او تعینات تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا، پولیس اس غم کی گھڑی میں ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب پولیس کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔