ایئرچیف سے چینی سفیرکی ملاقات، چینی ساختہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پرپاک فضائیہ کی تعریف
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
اسلام آباد:پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ادارہ جاتی روابط، دفاعی تعاون، اور خطے میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و اسٹریٹجک حالات پر تفصیلی اور جامع گفتگو کی گئی۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، اور موجودہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اعلیٰ آپریشنل تیاری اور فوری رابطہ کاری کو ناگزیر قرار دیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق ایئر چیف نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور آزمودہ ہیں، جو باہمی اعتماد، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کو آئرن برادرز قرار دیا اور کہا کہ یہ رشتہ وقت کے ساتھ مضبوط ہوا ہے اور مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔ چیف آف دی ایئر اسٹاف نے چین کی مسلسل حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے دفاعی نظام کی جدید کاری، افرادی قوت کی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ تحقیق و ترقی کے میدان میں چین کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کو ادارہ جاتی شکل دینے، مشترکہ مشقوں کے دائرہ کار کو بڑھانے اور کثیرالملکی فریم ورکس کے ذریعے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی ردِعمل کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی سفیر نے حالیہ مشرقی سرحد پر کشیدگی کے دوران پاکستان ایئر فورس کے شاندار آپریشنل معیار کی تعریف کی اور اسے قومی دفاع سے وابستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے چینی ساختہ ٹیکنالوجی اور سازوسامان کے مؤثر استعمال پر بھی پاک فضائیہ کی تعریف کی۔چینی سفیر نے پی اے ایف کی موجودہ قیادت کے تحت اندرونِ ملک حل اور جدید نظاموں کے استعمال میں اسٹریٹجک بصیرت کو سراہا، اور مکمل تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی تاکہ فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت دی جا سکے۔ انہوں نے پاکستان کی خود انحصاری کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی اے ایف کی مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے کی گئی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اندرونِ ملک ٹیکنالوجی پر مسلسل توجہ پاکستان کے دفاعی نظام کو مزید مستحکم کرے گی۔
یہ ملاقات پاکستان اور چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے، تعاون کو گہرا کرنے اور اختراعی ترقی کے ذریعے مشترکہ اہداف کے حصول کے عزم کی عملی مثال ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: انہوں نے چین کے کے لیے
پڑھیں:
اسپین میں امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات کا آغاز
میڈرڈ: امریکا اور چین کے حکام نے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں کشیدہ تجارتی تعلقات پر اہم مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔
ان مذاکرات میں امریکی پابندیوں، روسی تیل کی خریداری، اور مشہور چینی ایپ ٹک ٹاک کی امریکی آپریشنز کی فروخت کی ڈیڈ لائن پر بات چیت ہو رہی ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور تجارتی نمائندہ جیمیسن گریئر نے میڈرڈ میں چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ اور اعلیٰ تجارتی مذاکرات کار لی چنگ گانگ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات گزشتہ چار ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان یورپ میں چوتھی بڑی نشست ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اجلاس سے کسی بڑے بریک تھرو کی توقع کم ہے، تاہم امکان ہے کہ ٹک ٹاک کی فروخت کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی جائے گی، ورنہ اسے امریکا میں بندش کا سامنا ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 نومبر تک چینی مصنوعات پر موجودہ محصولات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق بڑے فیصلے ممکنہ طور پر سال کے آخر میں ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں متوقع ہیں۔
مذاکرات میں روسی تیل کی خریداری پر دباؤ بڑھانے، برآمدی کنٹرولز اور امریکی اتحادیوں کو اضافی محصولات کے حوالے سے بھی بات چیت ہو رہی ہے۔