کراچی: یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
کراچی میں یونیورسٹی روڈ سمامہ پل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی، کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا، حکام نے کہا کہ واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، فائرنگ 2 نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے کی گئی، واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ کا واقعہ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، ابتدائی معلومات کے مطابق بائیک رائیڈر سواری لے جا رہا تھا جس پر فائرنگ ہوئی، 2 افراد بائیک کے تعاقب میں آئے اور فائرنگ کی جس سے 2 گولیاں پیچھے پیٹھے شخص کو لگیں۔
پولیس حکام نے کہا کہ مقتول کی شناخت محمد انس کے نام سے ہوئی، کشمیر کا رہنے والا تھا، ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتاہے، ایک گولی بائیکیا رائیڈر کو بھی لگی، جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی، مقتول موٹر سائیکل پر بیٹھ کر کسی کا انتظار کر رہا تھا۔
ایک شخص کو موٹر سائیکل کے قریب جاتے دیکھا جا سکتا ہے، مبینہ ٹارگٹ کلر نے سر پر پستول رکھی اور چلا دی، متعدد گولیاں چلانے کے بعد ملزم دوسری جانب بھاگا، انتظار میں موجود ساتھی نے ملزم کے بیٹھتے ہی موٹر سائیکل دوڑادی، ملزمان یونیورسٹی روڈ سے نیپا کی جانب فرار ہوئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: یونیورسٹی روڈ
پڑھیں:
ساہیوال، پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلہ، تین ڈاکو ہلاک، اے ایس آئی زخمی
ساہیوال:38 بارہ ایل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ترجمان ساہیوال پولیس کے مطابق 110 سیون آر کے راستے جنگل میں ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد دونوں جانب سے مبینہ مقابلہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکوؤں کے تین ساتھی اپنے ہی دیگر ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
مقابلے کے دوران اے ایس آئی اسلم ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے بہادری سے مقابلہ کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔