بلوچستان میں سڑک تعمیر کیلئے66 ارب روپے اکٹھے کرلئے،علی پرویز ملک
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی بلوچستان میں سڑک کی تعمیر کے لیے لگائی گئی تھی، اور اب تک اس مد میں تقریباً 66 ارب روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم نے قیمتوں پر عائد لیوی سے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر 7 سے 8 روپے فی لیٹر سڑک کی تعمیر کے لیے عائد کیے گئے تھے، اور اس رقم کو جمع کرکے پلاننگ کمیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ستمبر تک اکٹھی ہونے والی رقم تقریباً 66 ارب روپے بنتی ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 200 ارب روپے تک پہنچے گی۔ ان کے مطابق یہ لیوی اب بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل ہے اور رقم کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ستمبر تک کے اعداد و شمار پیش کردیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ کا ڈیٹا بھی فراہم کردیا جائے گا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وفاقی حکومت پر 5300 ارب روپے کی کرپشن کا الزام
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر 5300 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔
انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پیسہ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہوتا ہے، مگر بدقسمتی سے اسے بیرونِ ملک فلیٹس اور جزیرے خریدنے پر خرچ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے این ایف سی اجلاس میں وہ ضم شدہ اضلاع کے فنڈز کی ادائیگی کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق فاٹا کے انضمام کے بعد خیبرپختونخوا کا این ایف سی میں حصہ 19 فیصد بنتا ہے، مگر گزشتہ سات برس سے صوبے کو سالانہ 350 ارب روپے کا واجب الادا حصہ نہیں مل رہا۔
اسی دوران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پشاور کے پارلیمنٹیرینز کا اجلاس بھی ہوا، جہاں انہوں نے شہر کی ترقی کے لیے 100 ارب روپے کے مجوزہ منصوبوں پر ایک بڑی مشاورتی میٹنگ بلانے کا اعلان کیا۔