راولپنڈی: بچوں کی لڑائی میں گولیاں چل گئیں، صلح کے لیے آنے والے شخص سمیت 2 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں بچوں کی لڑائی سےپیدا ہونے والی معمولی رنجش پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد قتل اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، قتل ہونے والا ایک مقتول بیچ بچاؤ کراتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنا۔
پولیس کے مطابق محمد قاسم نےبتایا کہ بھائی محمد اقبال وغیرہ کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی کر رہا تھا کہ چونگی چوک کے قریب آریان اور معظم وغیرہ کا سجیل اور مزمل وغیرہ سے سابقہ رنجش پر جھگڑا ہورہا تھا،
انہوں نے بتایا کہ ہم ان میں بیچ بچاؤ کرانے لگے کہ اچانک آریان اور معظم نے پسٹل نکال لیے اور یہ کہتے ہوئے کہ آج تمہیں اپنے کزن محسن کا ساتھ دینے کا مزہ چکھاتے ہیں فائرنگ شروع کردی۔
بیان کے مطابق گولیاں لگنے سے میرے بھائی محمد اقبال ، سجیل اور مزمل شدید زخمی ہوئے جہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن محمد اقبال اور سجیل جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گے، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے سنگین واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بچوں کی لڑائی کے باعث معمولی رنجش پر پیش آیا واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
7 ڈمپرز جلنے کا واقعہ، غفلت برتنے پر 3 ایس ایچ اوز معطل، علاقے میں آپریشن
کراچی:راشد منہاس روڈ پر مشتعل افراد کی جانب سے 7 ڈمپرز کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے میں پولیس کی مجرمانہ غفلت سامنے آ گئی، جس کے بعد 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ راشد منہاس روڈ پر پیش آیا، جہاں مشتعل افراد نے کئی منٹ تک آزادانہ کارروائی کرتے ہوئے سات ڈمپر گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
واقعے کے بعد ایس ایچ او یوسف پلازہ انسپکٹر افتخار خانزادہ، ایس ایچ او ایف بی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر شاہد آدم بلوچ اور ایس ایچ او سولجر بازار انسپکٹر وقار عظیم کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق افتخار خانزادہ اور شاہد آدم بلوچ کو گارڈن ہیڈ کوارٹر بی کمپنی جبکہ انسپکٹر وقار عظیم کو ہیڈ کوارٹر ایسٹ بھیج دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ایس ایچ او سولجر بازار کو ایڈوکیٹ ناصر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر معلطل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی وسطی پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 اور 16 سمیت اطراف کے علاقوں میں آپریشن کیا اور یوسف پلاذہ ، ایف بی صنعتی ایریا ، گبول ٹاون پولیس نے ہوٹلز اور پارک میں بیٹھے متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
حراست میں لیے گئے بچوں کے والدین و رشتہ دار تھانے پہنچ گے، پولیس نے تھانوں کے دروازے بند کردیے، ملنے کی اجازت نہیں دی۔