اسلام ٹائمز: مشی پر پابندی درحقیقت تحریک کربلا کے اثرات کو روکنا ہے۔ وجہ یہ کہ بعض لوگ تحریک کربلا کو روز بروز پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے۔ ایسے لوگوں کو خبر ہونی چاہیئے کہ کل تک جو ناگفتنی تھا آج گفتنی ہوگیا ہے۔ کل تک تحقیق و تنقید کے جن راستوں سے لوگوں کو ناآشنا رکھا گیا تھا آج وہ راستے ہر خاص و عام کی گزرگاہ ہیں۔ سچ کی ایک اپنی طاقت ہوتی ہے جو اپنا راستہ خود بناتی ہے۔ سچ جب اپنی بندش سے آزاد ہوتا ہے تو ہواٸیں اسے اپنا شانہ فراہم کرتی ہیں۔ آپ مشی کرتے ہوئے انسانوں کو ناکے لگا کر روک سکتے ہیں لیکن سچائی کے سامنے کوئی دیوار کھڑی نہیں کر سکتے۔ تحریر: سید تنویر حیدر
یزید اگر اپنی جنگ کو امام حسینؑ اور ان کے اصحاب و انصار کو شہید کرنے تک ہی محدود رکھتا تو شاید یہ خونِ شہیداں، رزقِ خاکِ کربلا ہو جاتا اور اس وقت کی ریاستی پروپیگنڈہ مشینری نواسہ رسولؑ کو عوام کے سامنے ایک باغی کی حیثیت سے متعارف کرانے میں کامیاب ہو جاتی اور یوں یہ خونِ ناحق کسی بڑی تحریک کا پیش خیمہ نہ بنتا لیکن یہاں یزید ایک بہت بڑی سیاسی غلطی کر بیٹھا اور وہ صحرائے کربلا جس کی پہچان محض اس کی گرم ریت تھی ایک تحریک کربلا کا نقطہ آغاز بن گیا۔ یزید نے اپنے خلاف ایک بغاوت کو کچلنے کا ڈھنڈورا پیٹنے کے لیے یہ کیا کہ کربلا کے اسیروں کو شہر شہر اور گلی گلی گھمانے کا اہتمام کیا تاکہ وہ بظاہر اس شکست خوردہ قافلے کو اپنی ”فتح“ کے ثبوت کے طور پر اپنی عوام کے سامنے پیش کرے لیکن یزید کو اپنی بظاہر کامیابی کو مشتہر کرنے کا یہ انداز خود اس کے قبیح جراٸم کی تشہیر کا سبب بن گیا۔
اس زمانے میں آج کا سوشل میڈیا نہیں تھا جو کربلا میں پیش آنے والی صورت حال کو من و عن لوگوں تک براہِ راست پہنچا سکتا لیکن یزید کے اس اقدام نے کربلا میں پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات کو کوفہ و شام کی گلیوں اور بازاروں تک پہنچا دیا۔ نتیجے میں ایک ایسی تحریک نے جنم لیا جس نے قصر یزیدی کے درودیوار کو ہلا کر رکھ دیا اور حسینیت کے عنوان سے تادم قیامت ہر حقیقی جدوجہد کا پیش خیمہ بن گٸی۔ گویا یزید نے اپنی کج فہمی کی بنا پر تہی دست کاروان حسینی کی قافلہ سالار دختر حیدر کرارؑ کے ہاتھوں میں ذراٸع ابلاغ کا ہتھیار دے دیا جس نے جھوٹ اور فریب کا پردہ چاک کر دیا۔ یہاں ہمیں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے کردار کی اصل اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
جس انقلاب کی بنیاد کربلا میں پڑی
اس انقلاب کو پھیلا دیا ہے زینبؑ نے
یزیدیت کے مراکز جہاں جہاں تھے وہاں
علم حسینؑ کا لہرا دیا ہے زینبؑ نے
جب صدام حسین نے شہید باقر الصدر کو شہید کرنے کے بعد ان کی ہمشیرہ سیدہ بنت الہدیٰ کو شہید کرنے کا ارادہ کیا تو کسی نے اس سے کہا کہ انہیں کیوں قتل کرنا چاہتے ہو تو جواب میں صدام حسین نے کہا کہ میں وہ غلطی نہیں کروں گا جو یزید نے کی تھی کہ امام حسینؑ کو تو قتل کر دیا لیکن ان کی ہمشیرہ کو چھوڑ دیا جس نے اس کی فتح کو شکست میں بدل دیا لیکن صدام سیدہ بنت الہدیٰ کو شہید کرکے غلطی ہی تو کر گیا۔ اس نے یزید بن معاویہ سے ایک قدم آگے بڑھنے کی کوشش کی لیکن جس تحریک کو وہ کچلنا چاہتا تھا وہ زیر زمین ایک حرکت سے شروع ہو کر ایک انقلاب کی صورت اختیار کر گئی۔
کل تک جس عراق میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد تھی، آج اسی عراق میں سیدالشہداء علیہ السلام کے حرم تک کروڑوں انسان ”مشی“ کرتے ہوئے جاتے ہیں۔ آج حرم امام حسین علیہ السلام تک باپیادہ جانا ہر عزادار کی سب سے بڑی تمنا ہے۔ پاکستان میں جو لوگ عراق نہیں جا سکتے وہ بعض مخصوص علاقوں میں اربعین کے ایام میں کچھ فاصلہ پیدل چل کر امام عالی مقام سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ اس عمل کو اپنے عقیدے کی شکست سمجھتے ہیں اور ہر سال حکومت پر دباؤ ڈال کر مشی کی رسم پر پابندی لگوانے کی کوشش کرتے ہیں۔ سنا ہے کہ پنجاب حکومت نے اس بار بھی احتیاط کو واجب سمجھتے ہوئے ابھی سے مشی پر پابندی عائد کردی ہے۔ گویا یہ مسئلہ ان کے نزدیک بھارت کی آئندہ ممکنہ جارحیت سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔
مشی پر پابندی درحقیقت تحریک کربلا کے اثرات کو روکنا ہے۔ وجہ یہ کہ بعض لوگ تحریک کربلا کو روز بروز پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے۔ ایسے لوگوں کو خبر ہونی چاہیئے کہ کل تک جو ناگفتنی تھا آج گفتنی ہوگیا ہے۔ کل تک تحقیق و تنقید کے جن راستوں سے لوگوں کو ناآشنا رکھا گیا تھا آج وہ راستے ہر خاص و عام کی گزرگاہ ہیں۔ سچ کی ایک اپنی طاقت ہوتی ہے جو اپنا راستہ خود بناتی ہے۔ سچ جب اپنی بندش سے آزاد ہوتا ہے تو ہواٸیں اسے اپنا شانہ فراہم کرتی ہیں۔ آپ مشی کرتے ہوئے انسانوں کو ناکے لگا کر روک سکتے ہیں لیکن سچائی کے سامنے کوئی دیوار کھڑی نہیں کر سکتے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: تحریک کربلا سے لوگوں کو پر پابندی کے سامنے کو شہید تھا آج
پڑھیں:
مہمان خصوصی کاحشرنشر
یہ الگ بات ہے کہ ہم دانا دانشوروں ، برگزیدہ قسم کے تجزیہ کاروں اورکالم نگاروں، مقالہ نگاروں کے نزدیک کسی شمارقطار میں نہیں ہیں بلکہ صحافیوں میں بھی ایویںایویں ہیں اور شاعروں، ادیبوں یاایوارڈزدینے والوں کے خیال میں بھی پرائے ہیں لیکن ابھی کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو سب سے نیچے ہی سہی ہمارا نام بھی لے لیتے ہیں ۔
اہل ورع کے جملہ میں ہرچند ہوں ذلیل
پرغاصبوں کے گروہ میں ہیں برگزیدہ قبول
چنانچہ ایک گاؤں کی ایک ادبی تنظیم کا ایک وفد ہمارے پاس آیا کہ ہماری تنظیم نے معروف شاعروں، ادیبوں کے ساتھ شامیں منانے کاسلسلہ شروع کیا ہے، اب تک ہم تیس چالیس سے اوپر شخصیات کو یہ اعزاز بخش چکے ہیں اوراب قرعہ فال آپ کے نام نکلا ہے۔ ہم خوش ہوئے، ہم مسکرادیے، ہم ہنس دیے اورفخر سے پھول کر حامی بھرلی۔
مقررہ دن اوروقت کو ہم نے پانچ سوروپے حق حلال کے، مال حرام کی طرح خرچ کرکے ٹیکسی لی اورمقام واردات پر پہنچ گئے ،کمرہ واردات میں تیس چالیس لوگ فرش پر بیھٹے تھے، ہمارے گلے میں ہار ڈالا گیا جو رنگین ریشوں پر مشتمل تھا جو عام طور پر سائیکل کے پہیوں میں یاختنے کے بچوں کے گلے میں ڈالا جاتا ہے اورڈیڑھ دوروپے کی گراں قیمت میں مل جاتا ہے ۔ ہمیں کونے مں ایک صوفے پر بٹھا دیا گیا اوربیٹھے ہوئے لوگ قطار میں آکر ہمیں مصافحے کاشرف عطا کرنے لگے۔
یہ سلسلہ ختم ہوا تو تنظیم کے سیکریٹری نے کھڑے ہوکر اپنی تنظیم کی ’’عظیم الشان‘‘ سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج ہم اس سلسلے کی اٹھائیسویں شام ان جناب کے ساتھ منارہے ہیں ، نام تو آپ نے ان کا سنا ہوگا ، اب میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے بارے میں تفصیل سے بتائیں ۔جھٹکا تو زورکا لگا کہ عام طورپر تو ایسی تقاریب میں یوں ہوتا ہے کہ کچھ لوگ ’’مہمان ‘‘ کے بارے میں مقالے وغیرہ پڑھتے ہیں، نظم ونثرمیں اس کی صفات اورکارناموں کی تفصیل بتاتے ہیں، اس کے بعد آخر میں مہمان کو بولنے کی دعوت دیتے ہیں لیکن یہاں گیند ابتداء ہی سے براہ راست میرے کورٹ میں ڈال دی گئی بلکہ دے ماری گئی ، اس لیے میں نے بھی اٹھ کر ان کے نہلے پر دہلا مارتے ہوئے کہا کہ نام تو میرا جناب سیکریٹری موصوف نے آپ کو بتادیا ہے ، والد کانام فلاں اوردادا کا نام فلاں ہے ، میرے جد امجد فلاں ہیں۔میرے دو چچا، تین ماموں اورچاربھائی ہیں ، اولادوں کی تعداد آٹھ ہے ، چار لڑکیاں اورچارلڑکے ۔لڑکیاں ساری کی ساری بیاہی جاچکی ہیں ، بیٹوں میں تین کی شادیاں ہوچکی ہیں ، ایک باقی ہے ،انشاء اللہ اگلے ستمبر میں اس کی بھی ہوجائے گی۔
بڑا بیٹا تین بچوں کا باپ ہے اوردبئی میں ہے ، دوسرا یہاں کے ایک محکمے میں جونئر کلرک ہے، تیسرا بے روزگار ہے لیکن دیہاڑی کرنے جاتا ہے اورچوتھا ابھی پڑھ رہا ہے ، بیوی بقیدحیات ہے اورمیں اس کی بقید ہوں ، بیچاری کو گھٹنوں کی بیماری لاحق ہے لیکن زبان ہرلحاظ سے صحت مند ہے ۔ میرا قد پانچ فٹ پانچ انچ ، وزن اسی کلوگرام ہے اورشناختی نشانیاں کٹی ہوئی ناک ہے، تعلیم صبح آٹھ بجے سے دوپہر گیارہ بچے تک ہے ، صبح آٹھ بجے والد نے اسکول میں داخل کرایا اورگیارہ بجے میں بھاگ کر گھر آگیا، باقی تعلیم محلے کے سینئر نکموں نکھٹؤں سے حاصل کی ہے ، شاعری کے انیس مجموعے چھپ چکے ہیں اوربیسواں طباعت کے مرحلے میں ہے ، پھر ایک لمبا وقفہ دینے کے بعد اچانک شکریہ کہہ کر بیٹھ گیا۔ میراخیال تھا کہ اپنے بارے میں اتنی قیمتی معلومات دینے پر کوئی اعتراض کرے گا ، تبصرہ کرے گا یا سوالات اٹھائے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اورسیکریٹری نے اٹھ کر مشاعرے کااعلان کردیا اوراپنی بیالیس بندوں والی نظم سنائی ۔
اب تک میرا خیال تھا کہ بیٹھے ہوئے لوگ غیر مسلح ہیں لیکن اب پتہ چلا کہ سب کے سب نظموں کی تلواروں ، غزلوں کے خنجروں ، چاربیتوں کے نیزوں سے مسلح ہیں ، اس کے بعد دو گھنٹے وہ گھمسان کارن پڑا کہ مجھے اندر باہر، آگے پیچھے اورنیچے سے لہولہان کر دیاگیا ۔
کرے فریاد امیر اے دست رس کس کی
کہ ہردم کھینچ کر خنجر سفاک آتے ہیں
آخر کار سیکریٹری نے مشاعرہ ختم ہونے اورچائے کااعلان کیا ، کونے میں پڑی ہوئی تھرماسیں متحرک ہوئیں ، چائے کے ذائقے رنگ اوربدبو سے پتہ چلا کہ سب کی بیویاں بڑی ’’سلیقہ شعار‘‘ تھیں، یہ سوچ کر کہ بعد میں وقت ملے نہ ملے ، چولہا جلے نہ جلے ، اس لیے صبح ہی چائے تیار کرکے تھرماسوں میں ذخیرہ کی گئی تھی اورمٹھائی بھی احتیاطاً دو ماہ پہلے ہی خریدی گئی تھی ۔
وہ رنگین پلاسٹک کے ریشوں کاہار ہم نے سامنے دیوار پر ٹانک دیا ہے تاکہ ہمیں بتاتا رہے کہ خبردار اگر پھر ایسی غلطی کی تو میں گلے پڑ جاؤں گا۔
ویسے احتیاطاً میں نے ایک ماہرسے ایک ایسا گتا بھی خرید کر رکھ لیا ہے جو شاعر شناسی میں بڑا تیز ہے اورانھیں بھگانے میں ’’غپ طولیٰ‘‘ رکھتا ہے ۔