پنجاب اسمبلی ، مقامی حکومت بل 2025ءکثرتِ رائے سے منظور
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں حکومت نے اپوزیشن کے شور شرابے اور احتجاج کے باوجود ’’مقامی حکومت پنجاب بل 2025ء‘‘ کثرتِ رائے سے منظور کروا لیا۔بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی، اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر نعرے بازی کرتے رہے اور مسودہ بل کی کاپیاں ہوا میں لہرائیں ۔ شور شرابے کے باوجود ایوان کی کارروائی جاری رہی۔قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے بل کی منظوری دی جبکہ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بل ایوان میں پیش کیا۔ ایوان نے بل کی شق وار منظوری دی اور اس موقع پر حکومتی اراکین کی جانب سے میزیں تھپتھپا کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔بل کی منظوری کے ساتھ ہی صوبے میں بلدیاتی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل کے لیے راہ ہموار ہو گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نئے قانون کے تحت بلدیاتی اداروں کو زیادہ اختیارات دیے جائیں گے تاکہ عوامی مسائل نچلی سطح پر حل کیے جا سکیں۔ ذرائع کے مطابق نادرا کی جانب سے شہریوں کے لیے نئی سہولتوں کا اجرا بھی متوقع ہے تاکہ بلدیاتی خدمات کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جا سکے۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کوئٹہ بلدیاتی انتخابات، 3 ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل
الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 3 ہزار 150 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی۔ جن میں سے 2710 افراد کے کاغذات منظور، جبکہ 440 کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 3 ہزار 150 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی۔ جن میں سے 2710 افراد کے کاغذات منظور، جبکہ 440 کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پولنگ 28 دسمبر 2025ء کو ہوگی۔ اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو چکی ہے۔ ضلع کوئٹہ میں چار ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز زرغون، چلتن، سریاب اور تکتو کی یونین کونسلز اور وارڈز شامل ہیں۔ کوئٹہ میں 172 یونین کونسلز کے 641 وارڈز کے لیے مجموعی طور پر 3150 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ جن میں سے 2710 منظور اور 440 مسترد کئے گئے ہیں، جبکہ خواتین کی جانب سے 33 کاغذات نامزدگی جمع کئے گئے۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن زرغون میں 46 یونین کونسلز کے 161 وارڈز کے لئے 943 کاغذات جمع ہوئے، جن میں 767 منظور اور 176 مسترد ہوئے۔
چلتن ٹاؤن میں 46 یونین کونسلز کے 173 وارڈز کے لیے 703 کاغذات موصول ہوئے، جن میں 616 منظور اور 87 مسترد ہوئے۔ سریاب ٹاؤن میں 38 یونین کونسلز کے 145 وارڈز کے لئے 561 میں سے 483 کاغذات منظور اور 78 مسترد ہوئے، جبکہ تکتو ٹاؤن میں 42 یونین کونسلز کے 162 وارڈز کے لئے 943 میں سے 844 کاغذات منظور اور 99 مسترد ہوئے۔ اس صورت حال کے بعد مجموعی طور پر 532 نشستوں پر امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں، جبکہ 89 وارڈز ایسے ہیں جہاں پر صرف ایک ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔ جن کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا امکان ہے اور 20 وارڈز ایسے ہیں جہاں پر کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوئے۔ یاد رہے ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل کے پاس دائر کرنے کی آخری تاریخ 28 نومبر ہے۔