آئی ایل ٹی20: شعیب ملک پہلی بار کمنٹری باکس میں،وسیم اکرم، وقار یونس بھی پینل کا حصہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
دبئی: ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے چوتھے سیزن کے آغاز سے قبل لیگ انتظامیہ اور براڈکاسٹ پارٹنر زی نیٹ ورک نے نئے اور تجربہ کار کمنٹیٹرز پر مشتمل ایک جامع کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پینل میں اس سال تین اہم چہروں کی شمولیت نے ایونٹ کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے جن میں پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک، بھارت کے سابق اسٹار محمد کیف اور زمبابوے کے معروف کرکٹر و کوچ اینڈی فلاور شامل ہیں۔نئے شامل ہونے والے ماہرین کے ساتھ موجودہ پینل میں وسیم اکرم، سائمن ڈول، ایان بشپ، ہربھجن سنگھ، روہن گواسکر، الن ولکنز، وقار یونس، ڈیرن گنگا، اویس شاہ، مائیک ہیزمین، عروج ممتاز، انجم چوپڑا، نکھل چوپڑا، ویوک رازدن، سبا کریم، اجے مہرا اور ریما ملہوترا جیسے بین الاقوامی شہرت یافتہ نام شامل ہیں جو انگریزی اور ہندی میں شائقین کو کھیل کے قریب تر لائیں گے۔براڈکاسٹ ٹیم میں لارا میک گولڈ رک، گریس ہیڈن، ارجن پانڈت اور ردھیما پتھاک بھی فرائض سرانجام دیں گے۔وسیم اکرم نے کہا کہ یو اے ای میں کھیلے گئے اپنے یادگار لمحوں کے باعث وہ اس لیگ سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں اور چوتھے سیزن میں بطور کمنٹیٹر واپسی ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔ شعیب ملک نے اپنے پہلے کمنٹری سیزن کے حوالے سے کہا کہ وہ پرجوش ہیں اور ساتھی کرکٹرز کے ساتھ پلیٹ فارم شیئر کرنا ایک خوشگوار تجربہ ہوگا۔ اینڈی فلاور نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لیگ میں سعودی عرب اور کویت کے کھلاڑیوں کی شمولیت سے اس سال مقابلہ مزید مضبوط ہوگا، جبکہ ایان بشپ نے کہا کہ یہ لیگ خطے میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کا آغاز 2 دسمبر کو یو اے ای کے قومی دن کے موقع پر ہوگا جبکہ 34 میچز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 4 جنوری 2026 کو فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اس سیزن میں دنیا بھر کے بڑے کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے جن میں فل سالٹ، سنیل نرائن، آندرے رسل، سیم کرن، نور احمد، نسیم ، شمرون ہیٹمائر، روومن پاؤل، مصتفیض الرحمان، معین علی، پتہم نسانکا، رحمٰن اللہ گرباز، کیرون پولارڈ، نکولس پوران، سکندر رضا، عادل رشید سمیت متعدد نام شامل ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اے ٹی پی چیلنجر ٹینس: پاکستان کے محمد شعیب کو شکست
پاکستا ن میں پہلی مرتبہ اے ٹی پی چیلنجر ٹینس کپ کا اسلام آباد میں آغاز ہوگیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یوکرین کے ویدم ارسو نے پاکستان کے محمد شعیب کو 6-3، 6-7 اور 6-3 سے شکست دی۔
جمہوریہ چیک کے ڈومنیک پالان نے ترکیہ کےالپ ہوروز کے خلاف 6-3 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی جبکہ اٹلی کے لیونارڈو بوریلی نے آسٹریلیا کےلارنس بٹالجین کو 7-6 اور 6-1 سے شکست دی۔
مقابلوں کے سیمی فائنلز اور فائنل پی ٹی وی سپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔