قراقرم ہائی وے فیز-2، ریلوے مین لائن ون پر کام رواں برس شروع ہوگا، احسن اقبال
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2025 میں دو میگا منصوبوں قراقرم ہائی وے فیز2 اور پاکستان ریلوے کے مین لائن ون پر کام شروع کیا جائے گا۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں چینی اسپرنگ فیسٹیول کی تقریبات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں مکمل ہونے والے سی پیک فیز ون کے منصوبے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی علامت ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
احسن اقبال نے اعتماد کا اظہار کیا کہ جیسے ہی سی پیک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی مزید بڑھے گی، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جس سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ دنیا بالخصوص چین کے آئی ٹی ماہرین کی مہارت سے استفادہ کیا جائے اور پاکستانی نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے لیس کیا جائے تاکہ وہ عصری تقاضوں کو پورا کر سکیں۔
معدنیات کے شعبے میں تعاون پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے ذریعے کاروباری بنیادوں پر سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2025 میں دو میگا منصوبے قراقرم ہائی وے فیز 2 اورپاکستان ریلوے کے مین لائن پر کام شروع کیا جائے گا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دے گا۔
احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو تمام ممکنہ سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو نقصان پہنچانے کےعناصروہ اپنی مذموم سازشوں میں ناکام ہوں گے کیونکہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اورمکمل اعتماد پر مبنی ہیں۔
احسن اقبال نے پاکستان اور چین کی سات دہائیوں پر محیط دوستی کو ایک ایسے خوبصورت گلدستے سے تشبیہ دی، جو رنگ بکھیرتا ہے اور مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: احسن اقبال نے کیا جائے
پڑھیں:
پاکستان اور مالدیپ کے اسپیکرز کی ملاقات، دوطرفہ پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر مالدیپ کی عوامی مجلس کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے رشتوں میں جُڑے ہیں۔ خطے میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے پارلیمانی سفارتکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
ایاز صادق نے اسرائیلی جارحیت اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بھارتی گٹھ جوڑ خطے اور دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی بمباری پر مسلم ممالک کی اجتماعی مذمت بروقت اقدام ہے۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی اور سرحدوں کی خلاف ورزی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ بھارت کے خلاف پاکستان کی حالیہ کامیابی پر قوم اور افواج پاکستان کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ سارک کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاک-مالدیپ فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔
اسپیکر مالدیپ عبدالرحیم عبداللہ نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ پاکستان کا مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر دوٹوک مؤقف قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر قریبی روابط عوامی تعلقات کو مزید گہرا کریں گے۔
Post Views: 5