کراچی: ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق، 3 کمسن بہن بھائی زخمی
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
گلشن معمار ایوب شاہ مزار کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ تین کمسن بہن اور بھائی زخمی ہوگئے۔
متوفی کی لاش اور زخمیوں کو چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 20 سالہ اسماعیل ولد رحیم کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے بہن بھائیوں 4 سالہ دعا ، 5 سالہ ریحان اور 6 سالہ انس کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
متوفی اسماعیل اور تینوں بچے موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ویڈیو لنک پر نکاح جرم بن گیا، بھائی نے فائرنگ کر کے 21 سالہ ڈاکٹر عائشہ کو قتل کردیا
پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے 21 سالہ ڈاکٹر عائشہ کو قتل کردیا جب کہ چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا۔
جھنگ میں غیرت کے نام پر قتل 21 سالہ ڈاکٹر عائشہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے نکاح کیا تھا، اہلخانہ ناراض تھے، بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا۔
ادھر تیزاب گردی کا واقعہ تھانہ مسن کی حدود میں پیش آیا، نامعلوم شخص رات کے وقت گھر میں گھس آیا، سوئی ہوئی طالبہ پر تیزاب پھینک دیا، متاثرہ طالبہ جھلس گئی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ دونوں کیسز پر ڈی پی او جھنگ سے رپورٹ طلب کر لی گئی، خواتین کو ان کے گھروں میں بھی تحفظ حاصل نہیں، یہ ریاست کی رٹ کا سوال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے، دونوں کیسز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں گے، انصاف کے حصول تک کوششیں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، پنجاب حکومت مظلوم عورتوں کے ساتھ کھڑی ہے، خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔