ممکنہ خطرات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی سیکورٹی ہائی الرٹ
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
راولپنڈی:
ممکنہ خطرات اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں اڈیالہ جیل کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان نافذ العمل کردیا گیا ہے جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا، جیل کے راستوں پر پانچ پکٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکہ داہگل، گیٹ ون، گیٹ پانچ، فیکٹری ناکہ اور گورکھ پور پر بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، اہلکاروں کی ڈیوٹی بارہ بارہ گھنٹے کی دو شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہے، 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
جیل کی سکیورٹی کیلئے آر ایم پی فورس، پنجاب کانسٹبلری تھانوں کے عملہ سمیت 700 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے، سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکار ربڑ بلٹس، ٹیئر گیس، ڈنڈوں، شیلڈ اور اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہونگے۔
اڈیالہ جیل کے باہر ٹریفک پولیس کے دس افسران و اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جن کے ہمراہ لفٹر بھی موجود رہے گا۔
قیدی وینز بھی موجود رہیں گی، اڈیالہ گارڈ کی نفری کچہری ڈیوٹی کے بعد اسٹینڈ بائی رہے گی، ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی۔ مجموعی طور پر 23 انسپکٹر سات سو سے زائد کانسٹیبلز و افسران تعینات ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی اہلیہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اڈیالہ جیل جیل کی
پڑھیں:
لاہور: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید، ایک شدید زخمی
لاہور کے علاقے لوئر مال میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ریت سے بھری تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل محمد صفدر اور کانسٹیبل محمود کارپوریشن چوک پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اچانک بے قابو ٹریکٹر ٹرالی ان پر چڑھ دوڑی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کانسٹیبل محمد صفدر جانبر نہ ہو سکے، جبکہ کانسٹیبل محمود کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، تاہم ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
شہید کانسٹیبل کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات ہر زاویے سے کی جا رہی ہیں۔