ہاکی کی بحالی، مالی استحکام کیلیے پی ایچ بی کے قیام کی اشد ضرورت ہے، رانا مجاہد
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں قومی کھیل کی بحالی اور مالی استحکام کے لیے پاکستان ہاکی بورڈ (پی ایچ بی) کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس فی الحال آمدن کا کوئی مستقل ذریعہ نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ادائیگیوں میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ہاکی کے تمام اسٹیڈیمز اور سہولیات براہِ راست پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حوالے کر دے، تو ان سے آمدن پیدا کر کے کھیل کو خود کفیل بنایا جا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی بورڈ کے قیام یا سالانہ بنیادوں پر بجٹ مختص کرنے سے کھیل کو مستقل بنیادوں پر چلایا جا سکتا ہے اور فیڈریشن کو مالی مشکلات کے لیے کسی کا محتاج نہیں رہنا پڑے گا۔
رانا مجاہد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہاکی فیڈریشن تمام تر محدود وسائل کے باوجود قومی کھیل کو زندہ رکھنے کے لیے کوشاں ہے اور امید ہے کہ حکومت اور اسپانسرز اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان ہاکی ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد
پڑھیں:
سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان جونیئر ٹیم نے ملائیشیا کو بڑے مارجن سے ہرادیا
لاہور:سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار آغاز کرکے میزبان ملائیشیا پربرتری ثابت کردی۔
پاکستان نے افتتاحی میچ میں ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں سات گول کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
تمان ڈایا ہاکی ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان نے میزبان حریف کے خلاف ابتدا سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی۔
پہلے کوارٹر میں سیفان خان نے گول کرکے ٹیم کی پوزیشن کومستحکم کیا، دوسرا گول احمد ندیم نے کیا جبکہ سیفان خان نے تیسرا گول کرکے ہاف ٹائم تک مقابلہ تین ایک کردیا۔
دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے ایک گول کیا جبکہ پاکستان نے مزید چار گول کرکے سبقت حاصل کرلی۔
تین گول کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے سفیان خان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا، احمد ندیم خان نے دو، حمزہ فیاض اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، پہلے روز کے ایک اور میچ میں بھارت نے دو کے مقابلے میں تین گول سے انگلینڈ کو ہرایا۔