پی ایس ایل کی نئی فرنچائز، ریزرو پرائس سوا ارب روپے سے زائد مقرر
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
پی ایس ایل کی نئی فرنچائز، ریزرو پرائس سوا ارب روپے سے زائد مقرر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز کے لیے ریزرو پرائس تقریباً سوا ارب روپے رکھی جانے کا امکان ہے، جس میں بڈنگ میں ملکی رئیل اسٹیٹ اور سولر انرجی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی سرمایہ کار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائز کا حتمی فیصلہ جنوری میں کیا جائے گا، اور اس حوالے سے ابتدائی ٹینڈر پہلے ہی جاری کر دیا گیا ہے۔ بڈنگ میں کئی ملکی اور غیرملکی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے، جن میں پاکستان کی پانچ بڑی پارٹیز بھی شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ کمپنیوں کا تعلق رئیل اسٹیٹ اور سولر انرجی سے ہے، جبکہ امریکا کی دو کاروباری شخصیات بھی فرنچائز خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ برطانیہ اور ایک دیگر یورپی ملک کی کمپنیاں بھی اس مقابلے میں شامل ہوں گی۔
ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی ہے، اور صرف کامیاب بولی دہندگان ہی اگلے مرحلے میں حصہ لے سکیں گے۔
دوسری جانب، ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے لیگ کو الوداع کہہ دیا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق کچھ سیاسی شخصیات معاملے کو سلجھانے کی کوششیں کر رہی ہیں، اور اگر علی ترین اپنے سابقہ بیانات واپس لیتے ہیں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔
ملتان سلطانز کے مالک کو سالانہ تقریباً ایک ارب 8 کروڑ روپے فیس ادا کرنی پڑتی تھی، جو 25 فیصد اضافے کے بعد تقریباً ایک ارب 30 کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ اسی وجہ سے ممکنہ طور پر وہ فرنچائز اپنے پاس برقرار نہیں رکھنا چاہتے۔ اگر علی ترین ملکیت نہیں رکھتے تو ملتان سلطانز کے نام سے فرنچائز برقرار رہنا بھی یقینی نہیں ہوگا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ موجودہ ٹیم مالکان ری بڈنگ میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں، البتہ نئی فرنچائز کے لیے بڈنگ میں شامل ایک کمپنی کا نام خاص طور پر توجہ کا مرکز ہے، جو ٹی سے شروع ہوتا ہے اور اس کے آگے گروپ آف کمپنیز درج ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نئی فرنچائز پی ایس ایل
پڑھیں:
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 10 سال کے لیے فرنچائز معاہدے کی تجدید کر دی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے موجودہ مالکان کے ساتھ آئندہ دس برس کے لیے فرنچائز معاہدے کی تجدید کر دی جس کے بعد ٹیم اگلی دہائی تک لیگ کا حصہ رہے گی۔
پی ایس ایل حکام کے مطابق معاہدے کی تجدید ای اینڈ وائی مینا کی جانب سے مقرر کردہ نئی مارکیٹ ویلیو کے مطابق کی گئی ہے۔ پی ایس ایل اگلے سال اپنے 11ویں ایڈیشن سے 8 ٹیموں کی لیگ بننے جا رہی ہے جبکہ موجودہ پانچ ٹیمیں اپنے فرنچائز معاہدے پہلے ہی تجدید کر چکی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاہدے کی تجدید پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کھیل میں ہمیشہ اعلیٰ معیار برقرار رکھا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ پی ایس ایل پر ملک و بیرونِ ملک اعتماد کا بڑا ثبوت ہے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنچائز نے لیگ کی شناخت بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 10 سال کی شراکت نہ صرف دونوں اداروں کے لیے نئی کامیابیوں کا آغاز ہو گی بلکہ پی ایس ایل کی ترقی کے سفر کو بھی مزید تقویت ملے گی۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کی پہلی چیمپئن اور مستقل بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہے جس نے لیگ کی قدر اور مقبولیت میں اضافہ کیا۔