گوجرانوالہ: حافظ آباد روڈ پر تیز رفتار ٹرک کی کیری ڈبہ کو ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 4 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
گجرانوالہ:
حافظ آباد روڈ پر نوکھر کے قریب قلعہ دیوان سنگھ کے مقام پر المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے کیری ڈبہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ نسرین، 45 سالہ رخسانہ، 13 سالہ بچہ اذان، 60 سالہ امجد پرویز اور 25 سالہ جبران شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں انجم، آمنہ، مجیداں بی بی اور شبنم شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شجاع آباد، نجی کلینک میں خون چڑھاتے ہی 10 سالہ بچہ جاں بحق، ڈاکٹر کی غفلت کا الزام
ملتان:شجاع آباد میں ایک نجی کلینک میں دورانِ علاج خون چڑھانے کے فوراً بعد 10 سالہ بچہ وقاص ولد محمد اکرم جاں بحق ہو گیا۔ ورثاء نے ڈاکٹر پر شدید غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
وقاص کو گزشتہ روز تیز بخار کی شکایت پر والدین نجی کلینک لے کر آئے، ورثاء کے مطابق ڈاکٹروں نے بغیر ٹیسٹ اور مکمل معائنہ کیے بچے کو خون چڑھانا شروع کر دیا۔
خون چڑھنے کے چند منٹ بعد ہی وقاص کی طبیعت بگڑ گئی دل کی دھڑکن غیر معمولی طور پر تیز ہو گئی لیکن ڈاکٹر نے توجہ نہ دی۔
بچے کے بھائی کاشف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خون چڑھاتے ہی وقاص بے ہوش ہو گیا، ہم چیختے رہے لیکن ڈاکٹر نے دل کی دھڑکن تک چیک نہ کی۔ جب حالت انتہائی خراب ہوئی تو ڈاکٹر نے بچے کو مردہ قرار دے کر سول اسپتال منتقل کر دیا۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ بخار کی حالت میں خون چڑھانا ممنوع ہوتا ہے اور ڈاکٹر نے جان بوجھ کر سنگین غلطی کی۔
دوسری جانب ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) کا کہنا ہے کہ اب تک ورثاء کی طرف سے کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی، درخواست ملنے پر کلینک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔