یمن: سعودی منصوبہ ’مسام‘ کے تحت 815 بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد ناکارہ
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے منصوبے ’مسام‘ کے تحت گزشتہ ہفتے یمن کے مختلف علاقوں سے 815 دھماکا خیز آلات کو کامیابی سے ناکارہ بنایا گیا۔
منصوبے کی تازہ رپورٹ کے مطابق، ناکارہ بنائے گئے مواد میں 748 غیر پھٹے گولے، 56 ٹینک شکن بارودی سرنگیں، 6 اینٹی پرسنل مائنز اور 5 دیسی ساختہ بم (IEDs) شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: پرنس سطام بن عبدالعزیز یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی میں 250 درجے ترقی
پروجیکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسامہ الغصابی نے بتایا کہ 2018 میں منصوبے کے آغاز سے اب تک 518,633 بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز آلات صاف کیے جا چکے ہیں۔
یہ خطرناک مواد بے ترتیب انداز میں بچھایا گیا تھا، جو عام شہریوں خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔
صفائی کی کارروائیاں مأرب، عدن، الجوف، شبوہ، تعز، الحدیدہ، لحج، صنعاء، البیضاء، الضالع اور صعدہ سمیت متعدد علاقوں میں انجام دی گئیں۔
مزید پڑھیں: پاک افغان سرحدی کشیدگی پر سعودی عرب اور قطر کی تشویش
منصوبہ ’مسام‘ نہ صرف بارودی مواد صاف کر رہا ہے بلکہ یمنی انجینئروں کی تربیت، انہیں جدید آلات کی فراہمی اور زخمی افراد کی بحالی میں بھی مدد فراہم کر رہا ہے تاکہ شہری علاقوں، سڑکوں اور اسکولوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور انسانی امداد کی فراہمی بحال رہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بارودی سرنگیں دھماکا خیز مواد سعودی عرب مسام یمن.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بارودی سرنگیں دھماکا خیز مواد بارودی سرنگیں دھماکا خیز
پڑھیں:
کوئٹہ؛ بولان میں گھر کو بارودی سرنگ سے اڑا دیا گیا، 3 بچے جاں بحق
کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل سنی میں ایک گھر میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے، جن کی حالت تشویش ناک ہے۔
قائم مقام ایس پی کچھی جان محمد کھوسہ نے بتایا کہ دھماکا عبدالحئی جتوئی کے گھر میں ہوا جہاں اس وقت گھر کے افراد موجود تھے اور دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مکان کی چھت گر گئی اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ ندیم احمد، 13 سالہ سونا خان اور 13 سے 14 سالہ بی بی بختاور شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے تین افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل رات کے وقت اس گھر میں بارودی مواد بچھایا تھا جو آج دھماکے سے پھٹ گیا، واقعے کی نوعیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک ٹارگٹڈ دھماکا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا اور فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے، حساس ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے علاقے میں امن و امان کی صورت حال خراب چلی آ رہی ہے اور اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، دوسری جانب تاحال کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔