حج 2026:عازمین حج کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکس کی بھرتی شروع
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
حج 2026 میں عازمین حج کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈاکٹرز اورپیر امیڈیکس کی بھرتی شروع کردی گئی،وزارت مذہبی امور نے عارضی بنیاد پر طبی عملے کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اشتہار جاری کردیا ۔ آئندہ سال کےحج کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے،وزارت مذہبی امورکو حج مشن کیلئے98 ڈاکٹر اور فارما سسٹس جبکہ 196 پیرامیڈیکس اسٹاف درکارہے،شرط یہ ہےکہ امیدوار ذہنی اورجسمانی طور پر فٹ ہو۔ امراض قلب،شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض اہل نہیں ہوں گے،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہو گا ۔ حج میڈیکل عملے کیلئے کم از کم 25 سال اور زیادہ سے زیادہ 55 سال تک کے پروفیشنل اپلائی کرسکتے ہیں ۔ کم ازکم تین سال سرکاری ملازمت کے حامل حاضرسروس ملازم ہی اہل ہونگے،ریٹائرڈ اہلکار میڈیکل حج مشن کےلئے نااہل ہوں گے،درخواست 2 دسمبر 2025 تک دی جا سکتی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کےمطابق این ٹی ایس کےذریعےتحریری امتحان لیا جائےگا،منتخب افراد کو تمام متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی،وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت حج میڈیکل مشن میں خواتین کیلئے 30 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے،منتخب طبی اہلکارحج کےدوران حجاز مقدس میں ڈیوٹی دیں گے،سعودی قوانین کی خلاف ورزی یا ڈسپلن توڑنے پر فوری پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سندھ نے 30 سال میں کافی ترقی کرلی، لوگ ملک سے باہر نہ جائیں، وزیراعلیٰ سندھ
سیمینار سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے اہل لوگ ملک سے باہر جا کر کام کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے لوگوں کو ملک میں وہی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں جو انہیں باہر ملتی ہیں، حکومت سندھ بہتر تعلیم اور بہتر صحت کی سہولیات بڑھانا چاہتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 30 برس میں ہم نے کافی ترقی کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے کے اہل لوگ ملک سے باہر نہ جائیں۔ مقامی ہوٹل میں سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سیمینار سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سندھ نے کافی کام کیے ہیں، ہم صحت کے شعبے کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ ہائر ایجوکیشن کے ساتھ تعاون کر رہی ہے، بہت ضروری ہے کہ انڈسٹری اکیڈمیا ریسرچ کو ملایا جائے، دنیا بھر میں انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر کام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اہل لوگ ملک سے باہر جا کر کام کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے لوگوں کو ملک میں وہی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں جو انہیں باہر ملتی ہیں، حکومت سندھ بہتر تعلیم اور بہتر صحت کی سہولیات بڑھانا چاہتی ہے۔