کراچی میں پہلی بار ایمبولینس کے لیے خصوصی لین فعال—ہنگامی راستوں کی فراہمی میں اہم پیش رفت
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
شہرِ قائد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایمبولینسوں کے لیے باقاعدہ خصوصی لین قائم کر دی گئی ہے، جو کہ کراچی جیسے مصروف ترین شہر میں ہنگامی صورتحال میں جان بچانے کے عمل کو تیز بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔
خصوصی ایمبولینس لین صدر کے مصروف تجارتی علاقے مینسفیلڈ اسٹریٹ پر بنائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق یہ اقدام اس وقت ممکن ہوا جب علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کیا گیا، جس کے بعد سڑک کھل گئی اور پہلی بار ایمبولینسوں کے لیے ایک علیحدہ راستہ مختص کیا جاسکا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور ہنگامی گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمد ورفت ان کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی سی جنوبی کا کہنا ہے کہ ضلع کی دیگر اہم سڑکوں پر بھی ایسی خصوصی لینز جلد فعال کی جائیں گی تاکہ ایمرجنسی سروسز مزید مؤثر ہوسکیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی کے کن علاقوں میں صبح سے 12 گھنٹوں کیلیے پانی کی فراہمی متاثر ہوگی
دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مرمتی کام کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں کل 12 گھنٹے تک پانی کی سپلائی معطل رہے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کے لیے باضابطہ شٹ ڈاؤن کی درخواست کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ارسال کردی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے سالانہ مینٹیننس کام 27 نومبر، جمعرات کو صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔
ترجمان واٹرکارپوریشن نے بتایا کہ شٹ ڈاؤن کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی میں تقریباً 100 ملین گیلن کمی متوقع ہے۔ جس کے باعث لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، ڈی ایچ اے، چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوگی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شہر کو دھابیجی سے یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم متوقع کمی کے باوجود تقریباً 550 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔
واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ممکنہ عارضی پانی کی قلت کے پیشِ نظر پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں۔