data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی شام کے شہر حلب میں سیکورٹی اہلکاروں اور کرد جنگجووں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر لڑائی شروع کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سیرین ڈیموکریٹک فورس ایس ڈی ایف کے حملے میں وزارت دفاع کا ایک رکن اور 2 عام شہری ہلاک ہوئے۔ ایس ڈی ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے توپ خانے اور راکٹوں کی مدد سے حکومتی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ ان کے گولوں اور راکٹوں کا ہدف شیخ مقصود اور الاشرفیہ کے علاقے تھے۔ اس دوران ایک شہری ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔ سرکاری میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں سے دور رہیں اور اگر وہ کسی ہجوم کا حصہ ہیں تو اس سے الگ ہوجائیں۔ یہ اعلان الاشرفیہ اور شیخ مقصود کے مضافات تک کے لیے کیا گیا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس وقت تک ان علاقوں سے دور رہیں جب تک کہ امن مکمل بحال نہ ہو جائے اور انہیں اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے مزید ہدایات نہ دے دی جائیں۔ دوسری جانب پرتشدد واقعات کے بعد حلب بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند کر دی گئی۔ سول ایوی ایشن مرکزی دفتر نے بیان میں کہا کہ مسافروں، پرواز کے عملے اور ہوائی اڈے کی کارروائیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پروازوں کی آمد و رفت کو فوری طور پر 24 گھنٹوں کے لیے بند کیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط شکل میں تکنیکی و حفاظتی جائزے مکمل ہونے تک، پروازوں کی بندش کے دوران طے شدہ تمام پروازیں دمشق انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اْتریں گی اور وہیں سے پرواز کریں گی۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پرواز کی تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی ائر لائن سے رابطہ کریں۔یاد رہے کہ شامی فورسزاور کرد جنگجوؤںکے درمیان گزشتہ ماہ بھی اسی طرح کے تصادم کے واقعات ہوئے تھے۔ تاہم شامی فوجی حکام نے جنگ بندی کا حکم دے دیا تھا۔ایس ڈی ایف کردوں کے زیر قیادت جنگجوؤں کی ایسی فورس ہے جس میں نسلی و مذہبی گروہوں کے جنگجو شامل ہیں۔ انہیں امریکی حمایت حاصل رہی ہے اور اس جنگجو گروپ نے داعش کے خلاف امریکا کی مدد کی تھی۔بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد احمد الشرع کی حکومت کے ساتھ بھی ایس ڈی ایف کا مختلف جگہوں پر تصادم ہو چکا ہے ۔ایس ڈی ایف پر وائے پی جی کا غلبہ ہے ،جس کو شام اور ترکیہ دونوں پی کے کے دہشتگرد تنظیم کی شامی شاخ قرار دیتے ہیں۔

انٹرنیشنل ڈیسک گلزار.

ذریعہ

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: ایس ڈی ایف کے لیے

پڑھیں:

بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ہیڈکوارٹر میں اہلکار کی اندھا دھند فائرنگ، 2 اہلکار ہلاک، تیسرے کی حالت نازک

بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سیکٹر ہیڈکوارٹر میں ایک اہلکار کی فائرنگ سے 2 اہلکار ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس  کے مطابق یہ واقعہ ضلع مالدہ کے 17 مائل سیکٹر ہیڈکوارٹر میں پیش آیا، جہاں بی ایس ایف کی 119ویں اور 71ویں بٹالین کے ہیڈکوارٹر قائم ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 119ویں بٹالین سے تعلق رکھنے والے اہلکار شیوم مشرا نے آرام کرنے والے 71ویں بٹالین کے اہلکاروں پر اچانک اپنی سرکاری رائفل سے فائرنگ کر دی، جس سے کیمپ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں 71ویں بٹالین کے 51 سالہ اجے کمار سنگھ، جو بھارتی ریاست بہار کے رہائشی تھے، اور 37 سالہ امباداس سریش درگو، جن کا تعلق مہاراشٹر سے تھا، موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھی وکاس ورما شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ملزم شیوم مشرا، جو ریاست چھتیس گڑھ کا رہائشی ہے، کو حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ بی ایس ایف نے واقعے کی اندرونی انکوائری شروع کر دی ہے، جبکہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا واقعہ کسی ذاتی تنازع، ذہنی دباؤ یا دیگر عوامل کا نتیجہ تھا۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز میں گزشتہ چند برسوں کے دوران ذہنی دباؤ، طویل ڈیوٹی اوقات، اندرونی تنازعات اور ساتھی اہلکاروں پر فائرنگ  جیسے واقعات متعدد بار رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق ایسے واقعات فورسز میں نفسیاتی دباؤ اور فلاحی نظام سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کرتے ہیں، جس کے باعث اہلکاروں کی ذہنی صحت اور پیشہ ورانہ معاونت کے نظام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

متعلقہ مضامین

  • کوہاٹ دہشتگرد حملہ، وزیراعظم اور صدر مملکت کی شدید مذمت
  • بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ہیڈکوارٹر میں اہلکار کی اندھا دھند فائرنگ، 2 اہلکار ہلاک، تیسرے کی حالت نازک