سندھ حکومت تاجروں کوتنہا نہیں چھوڑے گی،شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2026 GMT
گل پلازہ واقعے کے بعد ریسکیو کا کام اور امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ آگ کس وجہ سے لگی،گفتگو
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریسکیو گل پلازہ کو آگ لگنے کے واقعے کے بعد ریسکیو کا کام اور امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں اور صوبائی انتظامیہ کا پورا نظام ہمہ وقت مصروف عمل رہا۔ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی سندھ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کو مکمل اختیارات دے دیے ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ آگ کس وجہ سے لگی اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام عوامی املاک اور بلند عمارتوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مسلسل موقع پر موجود رہیں اور ریسکیو آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ریسکیو اہلکار فرقان کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارے پوری کمٹمنٹ اور جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سانحے پر سیاست کرنے اور بے بنیاد الزام تراشیوں میں ملوث عناصر کو ایسے نازک لمحات میں ہوش و خرد سے کام لینا چاہیے، الزام تراشی مسائل کا حل نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام متعلقہ افراد آگے بڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں تعاون کریں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے، تاہم، عمارت کی اندرونی صورتحال کے بارے میں اس وقت حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں اور حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنا رہی۔ صوبائی وزیر نے تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو ہونے والے نقصان کے معاملے میں حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی حکومت سندھ نے تاجر برادری کا ساتھ دیا اور آج بھی حکومت مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کرے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نقصانات کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کے بعد
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔