راولپنڈی میں پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
راولپنڈی:
راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر پیٹرول ول پمپ پر ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے پیڑول پمپ کے مینجر کے کمرے میں داخل ہوئے اور پیڑول کے غیر معیاری ہونے کی شکایت کا بہانہ بناتے رہے، ملزمان نے موقع ملتے ہی ایک فلنگ بوائے کو تشدد کا نشانہ بناکر چھ لاکھ روپے سے زائد کی نقدی اور کیشیئر کا موبائل فون لوٹ لیا۔
فوٹیج میں موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول پمپ پر پہنچ کر فلنگ بوائے سے بات چیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان پیٹرول کے غیر معیاری ہونے کی شکایت کا کہہ مینجر کے کمرے میں داخل ہوکر کیشیئر کے پاس بیٹھے دیکھے جاسکتے ہیں۔
پیٹرول پمپ کا فلنگ بوائے جیسے ہی کمرے میں داخل ہوکر کیشیئر کے پاس بیٹھا ملزم فون پر بات کرتے کرتے اٹھ کر اس کے پاس آتا ہے، فون پر بات کرتا ملزم اچانک پسٹل نکال کر اس سے فلنگ بوائے کو چہرے پر شدید ضرب لگاتا ہے جس سے فلنگ بوائے زمین پر گرکر تکلیف سے کراہنے لگا، مسلح ملزم کو فلنگ بوائے کے ہاتھ سے نقدی چھینتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح ملزمان اسلحے کی نوک پر کیشیئر سے ٹیبل کا دراز کھلواتے اور تمام کیش لے جاتے بھی دیکھے جاسکتے ہیں، مسلح ملزمان ٹیبل پر رکھا کیشیئر کا موبائل فون بھی اٹھا لیتے ہیں، بعدازاں ملزمان کیشیئر اور فلنگ بوائے کو کمرے کے اندر بند کرکے فرار ہوتے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فلنگ بوائے
پڑھیں:
پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ
اسلام آباد: مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 297 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کا تیل 289 روپے 37 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔
حکام کے مطابق صرف تین روز کے دوران مٹی کے تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 14 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث خصوصاً سرد علاقوں اور گھریلو صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد 375 روپے 04 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 23 جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد مسلسل بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں نے عوام، ٹرانسپورٹ سیکٹر، زرعی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں پر اضافی مالی دباؤ بڑھا دیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام نہ آیا تو آئندہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان موجود ہے۔