غزہ ، انسانیت کی شکست کا استعارہ
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ’’ گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ پر ایک بڑا فوجی آپریشن کرتے ہوئے 42 کشتیوں کو تحویل میں لے لیا اور ان میں سوار 450 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 53 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ شہر میں اب بھی سات لاکھ افراد پھنسے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ نے امریکا کے نئے جنگ بندی منصوبے کو مسترد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
غزہ ایک بار پھر تاریخ کے خون آلود اور سیاہ باب کی زد میں ہے۔ اسرائیلی بمباری، ٹینکوں کی گھن گرج، فضا میں اڑتے ہوئے تباہ کن طیارے، ملبے کے نیچے دبی انسانی چیخیں، ادھ جلی لاشیں، بچوں کی لاوارث نعشیں، اور غزہ شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ عالمی طاقتیں، انسانی حقوق کے دعویدار اور بین الاقوامی ادارے سب جانتے بوجھتے ہوئے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان کی خاموشی، ان کی لاتعلقی اور ان کے دہرے معیار اس انسانی المیے کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔
غزہ کی جانب امداد لے جانے والے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ پر اسرائیلی بحریہ کی کارروائی انسانی ہمدردی پر براہِ راست حملہ ہے۔ 42 کشتیوں کو تحویل میں لینا، 450 سے زائد امدادی کارکنوں کو گرفتار کرنا اور انھیں اشدود بندرگاہ منتقل کر کے یورپ ڈی پورٹ کرنا عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
فلوٹیلا میں شریک افراد محض سیاسی کارکن نہیں تھے، بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ کے متاثرین کے لیے خوراک، ادویات، اور بنیادی ضروریات لے کر جا رہے تھے۔ ان میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد، اور جنوبی افریقہ کے عظیم لیڈر نیلسن منڈیلا کے پوتے نکوسی زویلیولیلی بھی شامل تھے۔ ان افراد کا جرم صرف اتنا تھا کہ وہ انسانی اقدار، انصاف اور مظلوموں کے لیے آواز بلند کر رہے تھے۔
اگر دنیا میں کوئی قانون ہوتا، اگر عالمی ضمیر بیدار ہوتا، تو اسرائیل کے اس عمل کو بحری قزاقی اور دہشت گردی قرار دے کر اسے جواب دہ ٹھہرایا جاتا، لیکن بدقسمتی سے عالمی طاقتوں نے خاموشی کو ترجیح دی، اور اسرائیلی جارحیت کو نظر انداز کر کے گویا اسے اس جرم کی اجازت دے دی۔
غزہ میں خوراک، پانی، بجلی، اور دوا کی عدم دستیابی ایک ایسی صورت حال پیدا کر چکی ہے جو نسل کشی کے مترادف ہے۔ جب کسی علاقے کو مکمل طور پر بند کر کے وہاں انسانی زندگی کے تمام بنیادی وسائل ختم کر دیے جائیں، تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہاں زندہ رہنا ممکن نہیں۔ یہی صورت حال آج غزہ میں ہے۔13 افراد جو گزشتہ روز شہید ہوئے، وہ صرف اس لیے مارے گئے کہ وہ خوراک کی تلاش میں نکلے تھے۔
یہ واقعہ عالمی ضمیر پر ایک ایسا سوالیہ نشان ہے جس کا جواب شاید کبھی نہ ملے۔ اگر دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیمیں واقعی مخلص ہوتیں، تو وہ اس واقعے کو انسانی تاریخ کی سب سے بڑی المناک داستانوں میں شمار کرتیں، لیکن یہاں بھی دہرے معیار غالب ہیں۔ غزہ شہر، جو کبھی زندگی، ثقافت اور مزاحمت کا مرکز تھا، آج ایک کھلی جیل بن چکا ہے۔
اسرائیلی ٹینکوں نے شہر کا مرکزی راستہ بند کر دیا ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق اب بھی سات لاکھ سے زائد فلسطینی شہری شہر میں محصور ہیں۔ ان کے لیے نہ خوراک ہے، نہ دوا، نہ بجلی اور نہ ہی کوئی محفوظ پناہ گاہ۔ یہ لوگ بے بسی کی اس انتہا پر ہیں جہاں سے آگے صرف موت کی وادی ہے، لیکن اس کے باوجود، ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ غزہ میں مقیم عوام کا کہنا ہے ’’ مرجائیں گے، لیکن غزہ چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ ہمیں ڈر ہے اگر یہاں سے گئے تو کبھی واپس نہیں آ سکیں گے۔‘‘ یہ ایک اجتماعی عزم ہے، ایک اجتماعی فیصلہ، جو کسی سیاسی منشور یا رہنما کے حکم کا نتیجہ نہیں بلکہ تاریخ کے زخم خوردہ لوگوں کی فطری مزاحمت کا عکس ہے۔
فلسطینی عوام کو گزشتہ سات دہائیوں سے انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کا سامنا ہے، لیکن موجودہ حملے ان تمام مظالم کی انتہا ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اب تک شہدا کی تعداد 66 ہزار 225 ہو چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 938 سے تجاوزکرچکی ہے۔
ان اعداد و شمار کے پیچھے صرف اعداد نہیں، بلکہ ٹوٹے ہوئے گھرانے، یتیم بچے، دکھی مائیں اور جلتے ہوئے خواب ہیں۔ ایک عام شہری جب بھوک، قحط اور پانی کی تلاش میں گھر سے نکلتا ہے اور اسرائیلی گولے کا نشانہ بن جاتا ہے، تو یہ محض ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ انسانیت پر حملہ ہوتا ہے۔
اسی تناظر میں حالیہ دنوں میں امریکا کی طرف سے پیش کردہ جنگ بندی منصوبہ حماس کے عسکری ونگ نے مسترد کر دیا ہے۔ اس منصوبے میں نہ صرف حماس سے مکمل ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا بلکہ اسے غزہ کی مستقبل کی حکومت میں بھی کسی قسم کا کردار دینے سے انکار کیا گیا۔ مزید برآں، ’’ سیکیورٹی بفر زون‘‘ قائم کرنے اور بین الاقوامی فورس تعینات کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جوکہ دراصل ایک نئی قسم کا قبضہ ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ اس منصوبے کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیش کیا، جسے اسرائیل پہلے ہی قبول کر چکا ہے، لیکن حماس کو کوئی رعایت دیے بغیر اس سے مکمل اطاعت کا تقاضا کیا گیا ہے۔ قطر میں موجود حماس کی سیاسی قیادت اگرچہ ترامیم کے ساتھ منصوبے کو قبول کرنے پر آمادہ ہے، مگر ان کا اثر و رسوخ محدود ہے، کیونکہ جنگی قیدیوں اور یرغمالیوں کا کنٹرول ان کے پاس نہیں۔ یہ تمام حقائق اس بات کا مظہر ہیں کہ عالمی طاقتیں، خاص طور پر مغربی دنیا، مسئلہ فلسطین کو انصاف کے ترازو میں نہیں بلکہ اپنے سیاسی، معاشی اور اسٹرٹیجک مفادات کی عینک سے دیکھتی ہیں۔ انسانی حقوق، آزادی، خود مختاری، اور جمہوریت جیسے نعرے صرف اس وقت بلند کیے جاتے ہیں جب ان سے مغربی مفادات کو فائدہ ہو۔
یہ تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ ایسا ہولناک المیہ دنیا کی نظروں کے سامنے پیش آ رہا ہے اور دنیا بے حس، بے بس اور مفلوج بنی تماشائی ہے۔ اسرائیل کے بے رحم حکمرانوں کے ہاتھوں فلسطینیوں پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ان پر دنیا کس طرح خود کو بری الذمہ قرار دے سکتی ہے؟ آنے والی نسلیں آج کے عالمی رہنماؤں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔آنے والی نسلیں پوچھیں گی کہ دنیا کس طرح ان درندگی بھرے اقدامات کے مقابل خاموش رہی؟ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دنیا جذبات سے عاری ہو چکی ہے۔ غزہ میں جاری قیامت خیز صورتحال انسانی ضمیرکا پیچھا کرتی رہے گی۔
بھوک سے بلکتے ہوئے بچوں کی چیخیں، جو خیراتی اداروں کے چند نوالوں کے لیے دوڑ رہے ہیں، ہر انسان کے دل میں درد بیدار کرتی ہیں۔ یہ مناظر انسانیت کے لیے باعثِ شرم ہیں۔ کیمرے میں محفوظ کیے گئے یہ مناظر موجودہ اور آنے والی نسلوں کی یاد داشت سے کبھی مٹ نہیں سکیں گے۔ اور وہ مناظر جن میں ماں باپ اپنے ٹکڑے ٹکڑے ہوئے بچوں کی لاشوں پر چیخ رہے ہیں، وہ انسانی ضمیر کو ہمیشہ جھنجھوڑتے رہیں گے۔
آنے والی نسلیں پوچھیں گی کہ کیا دنیا کے پاس ظلم روکنے کا کوئی ذریعہ نہ تھا؟یہ المیہ صرف مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان تصادم کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ انسانیت کا زخم ہے۔ بیشتر یہودی بھی ان بربریت بھرے اقدامات کے مخالف ہیں۔ غزہ اب صرف فلسطین کا نہیں، بلکہ انسانی المیے کی علامت بن چکا ہے۔
دنیا کو اس پر شرمندہ ہونا چاہیے کہ وہ ان مجرموں کو روکنے، ان پر مقدمے قائم کرنے، اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر نظام قائم کرنے میں ناکام رہی۔ مغرب کو اب انسانی حقوق، انسانی وقار اور شہریوں کے تحفظ کے دعووں سے باز آنا چاہیے، کیونکہ غزہ میں ان کے دہرے معیار، منافقت اور خاموشی نے سب کچھ بے نقاب کر دیا ہے۔غزہ کا بحران نہ صرف فلسطینیوں کا المیہ ہے بلکہ انسانیت کی مجموعی شکست کا استعارہ ہے۔
جب معصوم بچوں کی لاشیں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے میں ناکام رہیں، جب اسپتالوں کے ملبے کے نیچے دبی چیخیں اقوام متحدہ کو خواب غفلت سے نہ جگا سکیں اور جب امدادی کارکنوں کی گرفتاریاں عالمی قوانین کو حرکت میں نہ لا سکیں، تو ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے۔ ’’ ہم کہاں کھڑے ہیں؟‘‘ اگر اس ظلم پر خاموشی اختیار کی گئی، تو کل یہ ظلم کسی اور دروازے پر دستک دے گا۔ فلسطین کا مسئلہ صرف ایک خطہ زمین کا نہیں، بلکہ یہ انصاف، انسانی وقار اور عالمی ضمیر کا امتحان ہے۔ یہ وقت ہے کہ ہم اپنی بے حسی کو توڑیں، آواز بلند کریں، اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں، اگر ہم آج بھی خاموش رہے، تو کل تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بلکہ انسانی اقوام متحدہ بچوں کی نے والی رہے ہیں کے لیے اور ان دیا ہے چکا ہے
پڑھیں:
ناتمام (آخری قسط)
ہارون صاحب کی کتاب ’’ناتمام‘‘ میں کچھ غیر معمولی شخصیات کے بارے میں لکھی گئی تحریریں بے حد دلنشین ہیں۔ ایک جگہ لکھتے ہیں ’’کبھی کبھی یہ طالب علم سوچتا ہے سیدنا علی بن عثمان ہجویریؒ کے بعد شاید اقبالؔ ہی وہ مفکر تھے، جنھوں نے امت کے ادبار پر دل سوزی کے ساتھ پیہم تدبر کیا، جس برصغیر میں وہ پیدا ہوئے تھے، اسے الوداع کہا تو وہ بدل چکا تھا، مسلم برصغیر کو امید اور امکان کی راہ دکھانے میں ان کا حصہ کسی بھی شخص سے زیادہ تھا، یہ اقبالؔ ہی تھے، جنھوں نے کہا تھا: جہاں کہیںجہاں میں روشنی ہے، مصطفیؐ کے طفیل ہے یا مصطفی ؐ کی تلاش میں! ۔۔۔۔‘‘
’’سیّد ابوالاعلیٰ نے آخری دنوں میں اقبالؔ سے فیض پایا۔ ان کی وفات پر اپنے مضمون ’’اقبالؔ، میرا نفسیاتی سہارا‘‘ میں لکھا ’قرآنِ کریم ان کے لیے ایک شاہ کلید تھا، تمام بند دروازے جس سے کھل جاتے‘آج کل کے دانشور کیا ہیں کہ مغرب کی چکاچوند نے جنھیں اندھا کردیا، جو یہ نہیں سمجھتے کہ ترقی، علم اور ارتقا، تقلید میں نہیں ہوتا، جہاں جو چیز اچھی ہے، وہ لے لی جاتی ہے اور جو ناقص ہو، وہ ترک کردینی چاہیے اور یہ عالمانِ دین ہیں کہ اکیسویں صدی میں قبائلی عہد میں زندہ رہنے پر مصر ہیں، جنھیں سرکارؐ کا پڑھایا ہوا اولین سبق ہی یاد نہیں۔ غوروفکر، حسنِ کلام، حکمت اور دلیل کے ساتھ مکالمہ، دردمندی اور دل سوزی کے ساتھ تفکّر اور تدبّر درکار ہے۔‘‘
مصنّف قائد اور اقبالؒ کا پھر ایک کالم میں ذکر کرتے ہیں ’’یہ قوم اپنے دو عظیم رہنماؤں کو بھول گئی۔ جناح ایسے تھے کہ عمر بھر تین باتوں کا طعنہ انھیں کبھی نہ دیا گیا۔ کبھی وعدہ نہ توڑا، کبھی مالی بے قاعدگی نہیں، کبھی جھوٹ نہ بولا۔ اقبالؔ ایسے کہ تمام فکری تعصبات سے اوپر اٹھ کر سوچ بچار کیا اور پیہم کیا، تمام خلوص، تمام صلابتِ کردار۔۔ نہیں، فقط سیاست سے ہماری زندگی نہیں بدلے گی، تعلیم، غوروفکر اور حسنِ کردار۔ حضورؐ نے ارشاد فرمایا تھا: اللہ جسے ہدایت دینا چاہے، اپنی آنکھ اس پر کھول دیتا ہے۔ دوسروں کے عیب چننے سے نہیں، حیات اپنی اصلاح سے ثمر بار ہوتی ہے۔‘‘ مصنّف نے کیا دلپذیر باتیں لکھی ہیں جو ہرشعبۂ حیات کے لیڈر کو پڑھنی چاہئیں۔
ناتمام میں مصنف نے بھٹوصاحب کا بھی تجزیہ کیا ہے، لکھتے ہیں ’’بھٹو حیرت انگیز خامیوں اور خوبیوں کا مجموعہ تھے۔ 1965کی جنگ کے ہنگام وہ ایک قوم پرست بن کر ابھرے، جب بھارت کے خلاف ہزار سالہ جنگ کا انھوں نے نعرہ لگایا، غریب آدمی کے احساسات کا انھوں نے ادراک کیا، سندھ اور پنجاب میں وہ ایک مقبول رہنما بن کر ابھرے مگر 1970 کے انتخابی نتائج کو عملاً انھوں نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ شیخ مجیب الرحمٰن کو واضح اکثریت حاصل ہوئی تو جنرل یحییٰ سے انھوں نے گٹھ جوڑ کرلیا اور انتقالِ اقتدار کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئے، ان دو آدمیوں کی ہوسِ اقتدار نے پاکستان کے دولخت ہونے کی بنیاد فراہم کی۔‘‘
پھر لکھتے ہیں ’’ایک راز بھٹو نے پالیا تھا۔ لیڈر وہ شخص ہوتا ہے، جو کسی قوم کی عمیق ترین، سب سے بنیادی اور سب سے بڑی آرزو کو پوری طرح پہچان لے۔ جنگِ ستمبر تک، وہ فیلڈ مارشل ایوب خان کے درباری تھے، کبھی اسے صلاح الدین قرار دیتے اور کبھی ایشیا کا ڈیگال۔ جنگِ ستمبر میں پہلی بار دلوں میں یہ امید جاگی کہ کشمیر پہ دشمن بھارت کا تسلّط تمام ہوسکتا ہے، بھٹو نے اس نجیب آرزو کو پہچانا اور اس کا مظہر بن گئے، اقوامِ متحدہ میں جاری مباحث کے دوران، جن کا ایک ایک لفظ غور سے پڑھا اور سنا جایا کرتا، بھٹو نے بھارت کے ’’میسنے‘‘ وزیرِ خارجہ سردار سورن سنگھ کو مخاطب کرکے کہا: لڑنا پڑا تو کشمیر کے لیے ایک ہزار برس تک بھی ہم لڑیں گے، تبھی وہ ہیرو بن کر ابھرے۔ ہاں! مگر ان کا کوئی عقیدہ نہ تھا، قوم پرست وہ یقیناً تھے اور بے شک انھوں نے پہلی بار Anti Estabhishment پارٹی تشکیل دی مگر خود پسند، اقتدار کے حریص اور نرگسیت کے مارے۔ باقی سب تاریخ ہے"
پاکستانی سیاست کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں’’ پاکستانی سیاست اور معاشرے کا مرض یہ ہے کہ سائنسی اندازِ فکر سے وہ محروم ہے۔ تعصّبات اور جذبات کا غلبہ اس قدر ہے کہ کبھی نفرت چھا جاتی ہے اور کبھی محبت۔ بھٹو صاحب کے مداحوں سے عرض کیجیے کہ بے شک مقبول وہ بہت تھے۔
بجا کہ ملک کو انھوں نے دستور عطا کیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جذباتی توازن سے مگر وہ محروم تھے اور پرلے درجے کے انتقام پسند۔ دوسروں کا تو ذکر ہی کیا، اپنی پارٹی کے سیکریٹری جنرل جے رحیم کو پٹوایا۔ قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکنِ اسمبلی ملک سلیمان اور ان کے خاندان کی تذلیل کی، اپنے وزیرِ اعلیٰ حنیف رامے کو شاہی قلعے میں قید رکھا۔ پارٹی کے ایک دوسرے لیڈر احمد رضا قصوری پر قاتلانہ حملے میں ان کے والد مارے گئے۔ کوئی نہیں سنتا، کوئی نہیں مانتا۔‘‘
کتاب کے مصنّف، عمران خان کے سب سے بڑے سپورٹر تھے اور شاید اب بھی ہیں مگر اس کتاب میں انھوں نے اس کی خامیاں بھی چھپانے کی کوشش نہیں کی، لکھتے ہیں ’’لاہور میں موسم بہار کی ایک سویر جب میں زمان پارک میں اسے ملنے گیا تو وہ ورزش میں مصروف تھا۔ کچھ دیر کے بعد وہ نمودار ہوا اور ضرورت سے زیادہ پُراعتماد لہجے میں کہا’’اپنے جسم پر بھی آدمی کو سرمایہ کاری کرنی چاہیے‘‘ ۔ ’’جی ہاں‘‘۔ عرض کیا ’’اپنے ذہن پر بھی‘‘۔ اسے دھچکا لگا ’’تمہارا مطلب یہ ہے کہ میں نے ذہن پہ سرمایہ کاری نہیں کی‘‘۔ ہاں! میں نے جواب دیا ’’میرا مطلب یہی ہے‘‘۔ بدمزہ نہیں، وہ کچھ حیران سا ہوا اور ناشتے میں جُت گیا، پھل، دہی، ڈبل روٹی کے دو ٹکڑے اور بہت سا جوس۔ مجال ہے کہ ایسے میں دوسروں کو وہ دعوت دے‘‘۔
پھر لکھتے ہیں ’’عمران خان اپنی پہاڑ سی غلطیوں کو بھلا کر ظفرمندی کے خواب کا اسیر تھا، 11 مئی کی صبح احسن رشید سے کہا کہ انتخابی نتائج سنتے ہی شوکت خانم اسپتال آجانا کہ جشن منایا جاسکے۔ اپنے بچوں سے لندن میں کہہ آیا تھا کہ اگلی بار وزیراعظم کی حیثیت سے برطانیہ آئے گا۔ نتیجہ نکلا تو صرف اس کی نہیں، پارٹی کے تمام بزر جمہروں کی رائے یہ تھی کہ قبول کرلینا چاہیے۔
الجھے ہوئے ذہن کے ساتھ کئی ماہ وہ مخمصے کا شکار رہا، پارٹی کو ان دنوں دو تین گھنٹے سے زیادہ وقت نہ دیا کرتا۔ شاطروں نے سمجھ لیا کہ اسے الّو بنانے میں کامیاب رہے‘‘۔ ایک اور جگہ لکھتے ہیں ’’ناقابلِ فہم بات یہ ہے کہ دس حلقے کھولنے کی شرط کے ساتھ مفاہمت پہ آمادگی کے بعد تحریکِ انصاف کے سربراہ وزیراعظم کے استعفیٰ کی تاریخیں کیوں دینے لگے؟ نوبت پھر تھرڈ امپائر کی انگلی تک پہنچی، بلا استثنیٰ سبھی کا تاثر یہ تھا کہ کپتان کا اشارہ عسکری قیادت کی طرف ہے۔ کئی دن بعد کپتان نے اعلان کیا کہ ان کی مراد اللہ تعالیٰ سے تھی۔ اللہ تعالیٰ امپائر نہیں، وہ کائنات اور زندگی کا خالق ہے۔ حیات کی تمام حرکیات اور قوانین کا، وہ دلوں کے بھید جانتا ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ کو کرکٹ کے امپائر سے تشبیہہ دینا پرلے درجے کی بدذوقی اور سطحیت تھی۔ کپتان اگر انھی لوگوں کے زیرِ اثر رہا، جن کے زیرِ اثر ہے تو مستقبل میں بھی اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے‘‘۔
کچھ دوسرے لیڈروں کے بارے میں لکھتے ہیں ’’چوہدری نثار علی میں صلاحیّت بے پایاں تھی مگر روحانی جہت معمولی۔ کھٹ سے اللہ کی رحمت کا دروازہ کھلتا مگر بن مانگے تو گاہے وہ گھاس بھی نہیں دیتا، چہ جائیکہ عظمت ورفعت۔ یوں بھی عظمت غریبوں، دکھ جھیلنے اور ایثار کرنے والوں کے لیے ہوتی ہے۔ چوہدری کہاں، شریف برادران کہاں، ان کے مقاصد محدود ہیں۔ اقتدار کا انبساط، جو دنیا کا سب سے تباہ کن نشہ ہے، جان چھوڑتا ہی نہیں، عزتِ نفس اور شان وشوکت کا ایک سطحی سا تصور۔عمران خان سمیت سبھی کا حال پتلا ہے۔ پانی پت کی تیسری جنگ لڑنے جاتے ہیں اور لشکر سراج الدولہ سے بدتر۔ رہے علّامہ طاہرالقادری تو جرأت ہی نہیں، جسارت ہی نہیں، فقط زورِ خطابت۔ کوئی دن میں غبارہ پھٹ جائے گا‘‘۔
’’اچھی حکمرانی کی بے تاب تمنا بھی بجا۔ بحث بہت ہوچکی۔ سیاست کے قرینوں سے اب ہم آگاہ ہیں مگراس کے لیے سیاست کافی نہیں زندگی جوڑ توڑ سے بہت بڑی ہے۔ علم اور اخلاق کے بغیر معاشرے، اقوام نہیں، ریوڑ ہوتے ہیں۔ علم، اخلاق اور تربیت۔ قرآن کریم اور اس کا صاحب انوار شارع۔۔ اور ہاں جدید علم!‘‘
ہر طبقۂ فکر کے لوگوں خصوصاً سیاست میں دلچسپی رکھنے والوں کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے۔