صارفین خبردار! گردشی قرض کے خاتمے کیلئے بجلی نرخ بڑھانے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, December 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک) مالی سال 25-2024 میں سرکلر ڈیٹ کا حجم 1614 ارب تھا، 734 ارب اضافے کی صورت میں قرضہ 2348 ارب تک پہنچ جائے گا
حکومت نے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے کو ختم کرنے کے لیے نیا پلان تیار کر لیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافہ کرکے بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان 26-2025 کے مطابق، رواں مالی سال میں گردشی قرضے میں 734 ارب روپے اضافے کا خدشہ ہے، جس سے مجموعی قرضہ 2348 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو بھی بجلی ٹیرف میں اضافے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے، مالی سال 25-2024 میں سرکلر ڈیٹ کا حجم 1614 ارب تھا، 734 ارب اضافے کی صورت میں قرضہ 2348 ارب تک پہنچ جائے گا۔
دستاویز کے مطابق بجلی چوری روک کر بلوں کی وصولی میں بہتری لائی جائے گی، پاور سیکٹر میں سبسڈیز اور ڈسکوز کے نقصانات میں کمی لانے کا منصوبہ بھی بنا لیا گیاہے جبکہ گردشی قرض کی بڑی وجہ کم ریکوریز، پیداواری لاگت میں اضافہ قرار دیا گیا۔
گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے پیداواری لاگت میں کمی کیلئے مہنگے پلانٹس بند کئے جائیں گے، کے الیکٹرک، جینکوز کے بقایاجات بروقت وصول کئے جائیں گے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو نقصانات میں واضح کمی لانے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔
پاور ڈویژن کے مطابق گردشی قرضے کو مکمل طور پر قابو میں رکھا جائے گا، ڈسکوز آپریشنل کارکردگی اوربلوں کی ریکوریز بہتر بنائیں۔ پاور ڈویژن بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی سخت نگرانی کرے گی۔
اصلاحات اور اہداف کے حصول کیلئے ضروری پالیسی سپورٹ دی جائے گی، پاور پروڈیوسرز کو واجبات کی بروقت ادائیگی بھی ڈیٹ مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے، سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان 26-2025 آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
چینی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، نیند بڑھانے والا قدرتی مالیکیول دریافت
دنیا بھر میں لاکھوں افراد بے خوابی اور نیند کی مختلف خرابیوں کا شکار ہیں، تاہم چینی سائنسدانوں نے ایک ایسے قدرتی مالیکیول کی نشاندہی کی ہے جو دماغ میں نیند کی خواہش کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں بے خوابی اور دیگر نیند کے مسائل کے لیے نئی، محفوظ اور مؤثر ادویات کی تیاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں کی یہ تحقیق معروف سائنسی جریدےنیچر نیورو سائنس (Nature Neuroscience) میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے مطابق ٹرپٹامین (Tryptamine یا TrpA) نامی قدرتی مالیکیول دماغ کو یہ اشارہ دیتا ہے کہ جسم کو آرام اور نیند کی ضرورت ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ مناسب نیند انسانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اسی دوران دماغ یادداشت کو منظم کرتا، نئی معلومات محفوظ بناتا اور روزمرہ سرگرمیوں کے دوران جمع ہونے والے فاضل مادوں کو خارج کرتا ہے۔ اس کے باوجود دنیا بھر میں بے خوابی، ذہنی دباؤ، ڈپریشن، بے چینی اور جسمانی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کی خرابی کے باعث لاکھوں افراد مناسب نیند سے محروم رہتے ہیں۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے رات کو متحرک رہنے والے چوہوں اور دن میں سرگرم رہنے والے سوروں پر تجربات کیے۔ خصوصی فلوروسینٹ سینسر کی مدد سے جانوروں کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار مختلف اوقات میں ریکارڈ کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ وقت جانور جاگتے رہے، ان کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار بھی اتنی ہی بڑھتی گئی۔ اس سے ظاہر ہوا کہ یہ مالیکیول جسم میں بڑھنے والے سلیپ پریشر یعنی نیند کی قدرتی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید تحقیق سے پتا چلا کہ جاگنے کے دوران متحرک مخصوص اعصابی خلیے ٹرپٹامین خارج کرتے ہیں، جو بعد ازاں GPR139 نامی ریسیپٹر سے جڑ کر دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو نیند کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سائنسدانوں نے تجرباتی طور پر ایسے مرکبات بھی استعمال کیے جو GPR139 ریسیپٹر کو متحرک کرتے ہیں۔ نتائج کے مطابق ان مرکبات سے نہ صرف نیند کا دورانیہ بڑھا بلکہ اس کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل کی تحقیقات میں یہی حیاتیاتی نظام انسانوں میں بھی ثابت ہو جاتا ہے تو بے خوابی اور دیگر نیند کی خرابیوں کے علاج کے لیے ایسی نئی ادویات تیار کی جا سکیں گی جو موجودہ ادویات کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، مؤثر اور کم مضر اثرات کی حامل ہوں گی۔