ٹی ٹوئنٹی سیریز، قومی کرکٹرز کی آج سے سری لنکا روانگی
اشاعت کی تاریخ: 4th, January 2026 GMT
سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی آج سری لنکا روانگی شروع ہوگی۔
ذرائع کے مطابق فہیم اشرف، سلمان مرزا اور وسیم جونیئر آج سری لنکا روانہ ہوں گے۔ اسکواڈ کے دیگر اراکین کل لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوں گے۔
بنگلادیش پریمیئر لیگ کھیلنے والے اسکواڈ کے اراکین بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سمیت غیر ملکی اسپورٹ اسٹاف براہ راست سری لنکا پہنچے گا، غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کرسمس اور نیو ایئر کے لیے سالانہ چھٹیوں پر اپنے اپنے وطن چلا گیا تھا۔
بی بی ایل کھیلنے والے آل راؤنڈر شاداب خان آسٹریلیا سے سری لنکا پہنچ رہے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز بی بی ایل کا سڈنی میں میچ کھیلا تھا۔
ذرائع کے مطابق شاداب خان سری لنکا کے ساتھ سیریز کے بعد سڈنی تھنڈرز کو دستیاب ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سری لنکا
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔