بھارت: ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2026 GMT
بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں مسافر بس گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعے کے روز ضلع سرمور میں پیش آیا، جہاں کپوی سے شملہ جانے والی مسافر بس ہری پوردھر کے قریب ایک خطرناک موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے نکل کر پہاڑی سے نیچے گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے وقت بس میں مسافروں کی بڑی تعداد سوار تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر تیز رفتاری یا سڑک کی خراب صورتحال کو ممکنہ اسباب قرار دیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘
طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔
سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔