طلبہ کی موجیں، سردی کی شدت میں اضافہ، تعلیمی ادارے مزید 1ہفتہ بند
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2026 GMT
لاہور (نیوزڈیسک) موسم کی شدت کے پیش نظر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے بارے میں اہم فیصلہ۔موسم کی شدت کے پیش نظر لاہور کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے بند کر دیے گئے۔
سی ای او ایجوکیشن لاہور نذیر حسین چھینہ نے کہا ہے کہ چھٹیوں کی دوران کوئی بھی تعلیمی ادارہ کسی بھی صورت نہیں کھلے گا۔
خلاف ورزی کرنے والا ادارہ موقع پر سیل کر دیا جائے گا، سی ای او ایجوکیشن لاہور کی جانب سے حکم نامہ پر عملدرآمد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
3 ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، 13 ڈپٹی ڈی ای اوز اور 50 اے ای اوز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، سی ای او نے کہا کہ اسکولز میں ہر طرح کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو اگر کسی قسم کی شکایت ہو تو شکایت سیل میں درخواست دے سکتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
توشہ خانہ ریکارڈ، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(رضوان عباسی ): توشہ خانہ ریکارڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو اپریل سے جون 2026 کے دوران مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے ملنے والے سرکاری تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں موصول ہونے والے تمام سرکاری تحائف توشہ خانہ قواعد کے تحت کابینہ ڈویژن میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کی مالیت کے تعین (ویلیوایشن) کا عمل تاحال جاری ہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ممالک کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور سرکاری وفود کی جانب سے متعدد یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ ان میں شوگر باؤل، گاڑی کا فریم شدہ ماڈل، شیلڈز، قیمتی قلم، کف لنکس، ٹائی، کافی کپ اور واٹر گلاس سیٹ، چائے کے کپ اور ساسرز، آرائشی واز، ایرانی فیروزہ اِنلے دستکاری پر مشتمل پانچ پیس سیٹ، روایتی چینی اسکرول پینٹنگ، چائنا اسپیس اسٹیشن کا ماڈل اور دیگر سووینئرز شامل ہیں۔
اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی مختلف ممالک کی جانب سے متعدد سرکاری تحائف دیے گئے، جن میں مصری طرز کا مجسمہ، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، کف لنکس اور دیگر یادگاری اشیا شامل ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد ارسلان میر کو ایک قیمتی ڈائمنڈ کلیکشن رسٹ واچ بطور سرکاری تحفہ موصول ہوئی، جس کی مالیت کا تعین بھی جاری ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ ریکارڈ میں شامل تمام تحائف متعلقہ قوانین اور قواعد کے مطابق وصول کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویلیوایشن مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ رولز کے مطابق آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحائف کی مالیت کا تعین مکمل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ متعلقہ حکام ان تحائف کو اپنے پاس رکھ سکتے ہیں یا انہیں سرکاری تحویل میں برقرار رکھا جائے گا۔