اڈیالہ جیل کے باہر کارکنان پر تشدد اور گرفتاری کے واقعے پر پی ٹی آئی کا ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2026 GMT
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 13 جنوری کو اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والے واقعات پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے حکومتی جبر، پولیس کارروائیوں اور غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کے اہلِ خانہ اور پارٹی کارکنان آئینی و قانونی حق کے تحت جیل کے باہر موجود تھے، تاہم پولیس نے اس پُرامن سرگرمی کو روکنے کے لیے طاقت اور تشدد کا استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی، علیمہ خان کا اڈیالہ جیل کے باہر دعاؤں کے اہتمام کا اعلان
پارٹی کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں 11 مرد کارکنان کو تھانہ روات میں حراست میں لیا گیا، جبکہ تین خواتین زلیخہ، ڈاکٹر اسماء اور ثنایہ سفیر کو راولپنڈی پولیس نے تحویل میں رکھا ہوا ہے۔ اسی طرح ایڈووکیٹ راجہ یاسر، شاہد خٹک کے بھائی عادل اور تنویر کی گرفتاری کا بھی ذکر کیا گیا، جبکہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کو آئین اور جیل قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل سے واپسی پر بحریہ ٹاؤن کے مقام پر پولیس ناکہ لگایا گیا جہاں شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے، خواتین کی گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا اور متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی ہر منگل اور جمعرات کو اڈیالہ کے باہر ڈراما لگاتی ہے، باز نہ آنے پر حل نکالنا ہوگا، رانا ثنااللہ
پارٹی کے مطابق بعض شہریوں سے رقم لے کر موبائل اور گاڑیاں واپس کی گئیں، جبکہ انکار کرنے والوں کی گاڑیاں ضبط کر لی گئیں، جو تاحال بحریہ چوکی پر کھڑی ہیں اور اس حوالے سے کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گرفتار مرد و خواتین کو فوری رہا کیا جائے، عمران خان کے اہلِ خانہ اور وکلا کو ملاقات کی اجازت دی جائے، ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، ضبط کی گئی گاڑیاں اور موبائل واپس کیے جائیں اور ان واقعات کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ان معاملات پر ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اڈیالہ جیل پی ٹی آئی تحریک انصاف.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اڈیالہ جیل پی ٹی ا ئی تحریک انصاف جیل کے باہر اڈیالہ جیل پی ٹی آئی
پڑھیں:
گھوٹکی: سابق ایم پی اے شہریار شر کے بیٹے کو بازیاب کروالیا: ایس ایس پی
گھوٹکی میں ڈہرکی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی شہریار شر کے بیٹے کو بازیاب کروالیا گیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کا کہنا ہے کہ جہانگیر شر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اغوا کیا تھا۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس اور قبیلے لوگوں نے اغوا کاروں کا تعاقب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بچے کو پولیس نے مقابلے کے بعد بازیاب کروا لیا تاہم اس دوران ملزمان فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی گھوٹی کا کہنا تھا کہ اغواکاروں کی نشاندہی ہوگئی ہے، ملزمان کا تعلق بھی شر قبیلے سے ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تعاقب جاری ہے۔