کراچی کو بھی پرائیوٹائز کردیں، ہم خرید کر زیادہ اچھا چلا لیں گے، تابش ہاشمی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2026 GMT
پاکستان کے نامور میزبان وکامیڈین تابش ہاشمی نے سانحہ گل پلازہ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کی طرح کراچی کو بھی پرائیوٹائز کردیں، یہاں رہنے والے پٹھان، بلوچ، سندھی ، مہاجر، پنجابی سب مل کر شہر خرید لیں گے اور زیادہ اچھا چلالیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تابش ہاشمی نے کہا کہ میرا بچپن کراچی میں اسکول سے جامعہ کراچی اور پھر مختلف نوکریاں کرتے ہوئے گزرا، یہاں تک کہ جب میں والد بنا تو میں بھی خریداری کے لیے گل پلازہ ہی گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جہاں گل پلازہ سے لائی گئی کوئی چیز موجود نہ ہو، بچپن سے لے کر جوانی اور اب جب پکی عمر میں ہیں تو جو ایسوسی ایشنز کراچی میں تھیں وہ ایک ایک کرکے ختم ہورہی ہیں۔
https://www.instagram.com/reel/DTzVzfQDHnW/
تابش ہاشمی نے کہا کہ لوگوں نے مجھ سے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر ویڈیوز بنائیں لیکن ان باتوں کا بھی اگر مجھے حکومت کو بتانا پڑے تو پھر شاید وہاں جو لوگ بیٹھے ہیں ، ان کا کام نہیں، انہیں تو پہلے سے معلوم ہونا چاہیے، آج یہ باتیں کی جارہی ہیں کہ بلڈنگ میں مسائل تھے تو یہ کام کس کا تھا؟ دنیا بھر میں مقامی حکومتوں کا یہی کام ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس سنی جس میں انہوں نے کہا میں جوابدہ ہوں لیکن یہ سب صرف باتوں سے نہیں ہوتا، ان پر عمل کرنا پڑتا ہے اور کروانا پڑتا ہے جب کہ یہ کراچی میں ہونے والا کوئی پہلا واقعہ نہیں، اس سے پہلے بھی درجنوں سانحات ہوچکے ہیں اور مسلسل ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ وہ جوابدہ ہیں تو مجھے بتایا جائے ’کیا ان کا عہدہ چلا گیا یا ان کی تنخوا کٹی؟ یہاں تک کہ وہ جو متاثر لوگوں کو ہرجانہ دیتے ہیں، وہ بھی اپنی جیب سے ادا نہیں کرتے۔
میئر کراچی کی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر چیز میں قبول تو کرلیتے ہیں کہ ہماری غلطی ہیں لیکن ساتھ میں کسی چیز کی نشاندہی کردیتے ہیں کہ فلاں چیز ایسی تھی اس لیے ایسا ہوگیا، حالانکہ دنیا میں یہ دستور ہے کہ جب آپ کسی عہدے پر ہوتے ہیں اور مسلسل کوئی واقعات ہورہے ہوتے ہیں تو وہ مستعفی ہوجاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا۔
متحدہ قومی موومنٹ کی بات کرتے ہوئے تابش ہاشمی نے کہا کہ وہ کراچی سے قومی اسمبلی کی 15 سیٹیں اور صوبائی اسمبلی کی تقریباً 75 نشتیں ان کے پاس ہیں، چلیں مان لیتے ہیں کہ عوام کو ان کے مینڈیٹ پر شک ہے لیکن کیا انہیں خود بھی اپنے مینڈیٹ پر شک ہے؟ وہ کیوں باہر نہیں نکل رہے، انہیں کیوں یقین نہیں آرہا ہے کہ وہ کراچی میں اتنے سارے حلقوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
تابش ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگر مجھ سے پوچھیں تو میں کہوں گا جیسے حکومت کو احساس ہوا کہ ان سے پی آئی اے نہیں چل پارہا تو انہوں نے وہ پرائیوٹائز کردیا، آپ اسی طرح کراچی کو بھی پرائیوٹائز کردیں، کراچی والے پٹھان، بلوچ، سندھی ، مہاجر ،پنجابی جتنے بھی لوگ ہیں ہم سب مل کر شہر خرید لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے ہم بہت اچھا شہر چلا لیں گے، اگر اسی طرح چلنا ہے تو کیونکہ ہم اس شہر کو ان سے برا تو نہیں چلا پائیں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا کہنا تھا کہ تابش ہاشمی نے کراچی میں کرتے ہوئے نے کہا کہ گل پلازہ انہوں نے ہیں تو ہیں کہ لیں گے
پڑھیں:
کراچی میں شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزمہ گرفتار
سولچر بازار پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سولچر بازارپولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ سحر بتول زوجہ کاشف خان کو گرفتار کرلیا
۔پولیس کے مطابق ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔گرفتار ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمہ کے قبضے سے موٹر سائیکل نمبر KQX-2361 میکر سپر اسٹار 70 برآمد کرلی گئی۔
گرفتارملزمہ اورفرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری ہے۔