ملک بھر میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ، سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2026 GMT
ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید تیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایران کے راستے آنے والا ایک نیا مغربی موسمی سسٹم بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے اثرات آہستہ آہستہ ملک کے دیگر علاقوں تک پھیل رہے ہیں۔ اس سسٹم کے زیر اثر کئی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔
بلوچستان کے سرحدی شہر چمن اور اس کے گرد و نواح میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ زیارت اور قلات میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بعض سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل تک بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان برقرار رہے گا۔ پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور اور ملتان میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ نیا سلسلہ آج رات سے ملک کے مغربی علاقوں پر زیادہ اثر انداز ہو گا اور کل ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اس سسٹم کے باعث سندھ کے بالائی اضلاع مل سکھر، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور دادو میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جس سے بعض مقامات پر شہری سیلاب کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
سندھ کے دیگر علاقوں میں موسم مجموعی طور پر سرد اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج اور کل معمول سے تیز ہوائیں چلتی رہیں گی جب کہ کل اور پرسوں کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم نئے مغربی سسٹم کے باوجود کراچی میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرد موسم، بارش اور برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ موسمی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے، جس سے ملک بھر میں سردی کی لہر مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل بارش اور برفباری محکمہ موسمیات علاقوں میں برفباری کا کے مطابق کا امکان سردی کی کے باعث ملک کے
پڑھیں:
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، مرکزی بینک کے ذخائر 17.25 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 25 کروڑ 86 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین نے اس پیش رفت کو ملکی مالیاتی استحکام اور بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق یہ اضافہ بیرونی ادائیگیوں کے مؤثر انتظام اور مالیاتی استحکام کے تناظر میں اہم پیش رفت ہے۔
اگرچہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہوا، تاہم ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر معمولی کمی کے بعد 22 ارب 66 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے، جس کے باعث مجموعی ذخائر میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں مسلسل اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت بہتر ہو رہی ہے، جبکہ درآمدی بل کی ادائیگی اور روپے کے استحکام کے لیے بھی یہ مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
تاہم ماہرین نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں کمی ظاہر کرتی ہے کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار ہے، جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر آنے والے ہفتوں میں ترسیلاتِ زر، بیرونی سرمایہ کاری، برآمدات اور بین الاقوامی مالی معاونت کا سلسلہ برقرار رہا تو پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے، جس سے ملکی معیشت اور مالیاتی استحکام کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔