وزیراعظم کی جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2026 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں اور معدنیات سے استفادے کیلیے جیم اسٹون سینٹرز کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں جیم اسٹون انڈسٹری کی استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن سے مؤثر طور پر فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے جیم اسٹون پالیسی فریم ورک پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات میں اضافے اور مجوزہ سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے لیے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کے ساتھ مل کر مربوط انداز میں کام کیا جائے۔
اجلاس کو جیم اسٹون انڈسٹری کی ترویج کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نئی منظور شدہ جیم اسٹون پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لیے چار سیشنز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جیم اسٹون سینٹر کے قیام کے لیے شاہراہ دستور پر جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر میں بین الاقوامی معیار کی ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن، انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دفاتر بھی اسی مرکز میں موجود ہوں گے۔
جیم اسٹون کے حوالے سے جیو فینسنگ سائنسی روڈ میپ پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جیم اسٹون انڈسٹری جیم اسٹون سینٹر کرنے کی ہدایت اسلام آباد کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے اسکائی47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسکائی47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو ڈیٹا سینٹر اسکائی 47 قراقرم ون پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ڈیٹا سینٹر کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور ڈیجیٹل خدمات کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
اسکائی47 ڈیٹا سینٹر ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب اہم پیشرفت ہے، ڈیٹا سینٹر مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کے تقاضے پورے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جدید ترین ڈیٹا سینٹر متاثر کن ہے، وزیراعظمڈیٹا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید ترین ڈیٹا سینٹر متاثر کن اور قابل تحسین ہے، عظیم منصوبے کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، منصوبہ انتہائی مختصر مدت میں غیر معمولی عزم، پختہ یقین، اعلیٰ مہارت سے مکمل کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی بصیرت افروز قیادت، شراکت دار زیڈ ٹی ای کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں کامیابی ملکی تاریخ کا عظیم ترین لمحہ تھا، مشکلات اور چیلنجز کا امید، حوصلے سے مقابلہ کریں تو معرکہ حق جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل محنت ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے، متحد ہو کر کام کریں تو کوئی ہدف ناقابل حصول نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسکائی47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں، قوم کو اسکائی 47 جیسا تحفہ دینے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا مشکور ہوں، منصوبہ ملک کو ناقابل تسخیر سیکیورٹی فراہم کرے گا۔
ڈیٹا سینٹر پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز، شزا فاطمہوفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے ڈیٹا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے نئے دور کا آغاز ہے، آج ایک نئے معاشی دور کے دروازے کھل رہے ہیں، ہم اپنے وسائل اور افرادی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیٹا کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے، مصنوعی ذہانت کو حقیقی معاشی قدر میں ڈھالنے کی صلاحیت ہے، ڈیٹا سے حاصل ہونے والی بصیرت مستقبل کی حقیقی معاشی طاقت ہے، مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ محفوظ، کم لاگت اور مؤثر استعمال پر منحصر ہوگی۔