اکاؤنٹس میں 2 ارب روپے سے زائد منتقلی کا اسکینڈل، نیب نے ڈی جی افسران کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2026 GMT
ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفیشل سیکیورٹی ڈپازٹ اکاؤنٹ سے 2 ارب روپے سے زائد رقم کی منتقلی کے اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے موجودہ ڈی جی سمیت 8 سابق ڈی جی آر ڈی اے افسران اور دیگر متعلقہ افراد کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے مجموعی طور پر 48 افراد سے اثاثہ جات کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ اس فہرست میں لاہور، کراچی، ملیر، پشاور، گوادر اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے چیئرمینز اور ڈی جیز بھی شامل ہیں۔
نیب نے موجودہ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، جبکہ سابق ڈی جیز عامرہ خان، چوہدری مقبول دھاولہ اور مرحوم عبد الستار عیسانی کی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔
اسی طرح سابق ڈی جیز ندیم احمد ابڑو، گلزار حسین شاہ، کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی اور سیف انور جپہ کی پراپرٹیز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
تحقیقات کے دائرے میں سابق ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس آصف جنجوعہ، شاہد مارتھ، سہیل کیفی، خالد جاوید گورایا، ملک غضنفر علی اور صبا گل کے اثاثے بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔
مزید برآں، مرحوم ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس جنید تاج، ان کے والد محمد تاج اور بھائیوں افضال، جمال، مبین اور احتشام کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی نیب نے طلب کی ہیں۔
نیب حکام کے مطابق جن دیگر افراد کے اکاؤنٹس میں مشتبہ رقوم منتقل ہوئیں، ان سب کی پراپرٹی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ یہ تمام تفصیلات قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے سب سیکشن 19 کے تحت طلب کی گئی ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کی جائیدادوں تفصیلات بھی کی تفصیلات طلب کی
پڑھیں:
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر نئے نرخ نافذ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران بھی مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ کیا جا چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نئی قیمتیں ایک نظر میں
پیٹرول: 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر (4.40 روپے اضافہ)
ہائی اسپیڈ ڈیزل: 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر (3.62 روپے اضافہ)
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ حکم نامے تک نافذ العمل رہیں گی۔