لاہور؛ بچیوں سے اسکوٹیاں چھیننے والے گینگ کے ملزمان گرفتار، ویڈیو بھی سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2026 GMT
لاہور:
باٹا پور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے راستے میں جاتی ہوئی بچیوں سے اسکوٹیاں چھین کر فرار ہونے والے گینگ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
باٹا پور اور مناواں پولیس کو شہریوں کی درخواستیں موصول ہونے پر مقدمہ نمبر 5083/25 مناواں میں اور 181/26 باٹا پور میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق چند روز قبل ملزمان باٹاپور اور مناواں سے راستے میں جاتی ہوئی بچیوں سے اسکوٹیاں و موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے تھے۔
ایس ایچ او باٹا پور نے بتایا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی سے اسکوٹی چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی طرف سے ایس پی کینٹ کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹاسک دیا گیا تھا۔ ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
ایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ ایس ایچ او باٹاپور نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم احسن رضا اور سخاوت کو چھینی ہوئی اسکوٹیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ملزمان سے 2 اسکوٹیاں، موبائل فونز، 2 پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں جبکہ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشنز کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او باٹاپور آصف منصب اور پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے، جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایس پی کینٹ باٹا پور کے لیے
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔