آن لائن گیم کھیلنے سے منع کرنے پر تین بہنوں کی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2026 GMT
بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں آن لائن گیم کھیلنے سے منع کرنے پر تین کم عمر بہنوں کے جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں بہنوں نے ایک رہائشی عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لے لی۔
رپورٹس کے مطابق 12 سالہ پاکھی، 14 سالہ پراچی اور 16 سالہ ویشیکا مبینہ طور پر ایک آن لائن کورین گیم کی شدید لت میں مبتلا تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ تینوں بہنوں نے تقریباً دو سال قبل اسکول جانا بھی چھوڑ دیا تھا۔ والدین کی جانب سے موبائل فون اور گیم کھیلنے پر پابندی لگائے جانے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لڑکیوں نے گیم کے جنون کے باعث اپنے لیے کورین نام بھی رکھ لیے تھے، جس پر والدین سخت پریشان تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران لڑکیوں کے کمرے سے ایک ڈائری برآمد کی، جس میں ان کی موبائل اور گیمنگ سرگرمیوں کی تفصیلات درج تھیں۔
ڈائری میں ایک تحریری نوٹ بھی موجود تھا جس میں لکھا گیا تھا کہ جو کچھ ڈائری میں درج ہے وہ سچ ہے، اور والد سے معذرت کے ساتھ یہ بھی لکھا گیا تھا کہ وہ اس گیم اور کورین ثقافت کو اپنی زندگی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں اور اسے چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھیں۔
واقعے پر والدین نے شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس گیم کی نوعیت اور اثرات کا اندازہ نہیں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں میں آن لائن گیمز اور موبائل فون کے بے جا استعمال کے نفسیاتی اثرات پر والدین اور تعلیمی اداروں کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ اسلام ٹائمز۔ پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔ پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ فیصلے کے مطابق نیب خیبر پختونخوا اپر کوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔ احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔