وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2026 GMT
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت خون کی طرح دوڑتی ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔ مریم نواز شریف نے جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے بہادر کشمیری سلام کے مستحق ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادیٔ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اپنا قانونی اور اخلاقی کردار ادا کریں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پہلے کی طرح جاری رکھے گااور پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔ اپنے پیغام کے اختتام پر وزیرِاعلیٰ پنجاب نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام آزادی کا سورج اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف کشمیری عوام وزیر اعلی
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔